اتر پردیش: سلطان پور کا نام بدل کر ’کُش بھون پور‘ رکھنے کی تیاریاں شروع!

ریونیو بورڈ کے ایک سینئر افسر نے اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ سلطان پور کا نام بدل کر کُش بھون پور رکھنے کی تیاری ہو رہی ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

اتر پردیش کی یوگی حکومت میں شہروں کا نام بدلنے کا سلسلہ مزید تیز ہوتا نظر آ رہا ہے۔ ابھی کچھ دن پہلے ہی علی گڑھ کا نام بدل کر ہری گڑھ رکھنے کی کارروائی شروع ہونے کی بات سامنے آئی تھی، اور اب خبریں موصول ہو رہی ہیں کہ یوگی آدتیہ ناتھ حکومت سلطان پور کا نام بدل کر ’کُش بھون پور‘ کرنے کی تیاری شروع کر چکی ہے۔ یوگی حکومت چاہتی ہے کہ سلطان پور کا نام بھگوان رام کے بیٹے کُش کے نام پر رکھا جائے۔ دراصل یوگی حکومت میں مسلم نام ظاہر کرنے والے شہروں اور ریلوے اسٹیشنوں کے نام لگاتار بدلے جا رہے ہیں۔ مغل سرائے جنکشن اور الٰہ آباد وغیرہ کے نام بہت پہلے ہی تبدیل ہو چکے ہیں۔

بہر حال، ریونیو بورڈ کے ایک سینئر افسر نے اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ سلطان پور کا نام بدل کر کُش بھون پور رکھنے کی تیاری ہو رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس تعلق سے ایک تجویز ریاستی حکومت کو بھیجی گئی ہے جو اسے ریاستی کابینہ سے منظوری دلائے گی۔ لمبھوا (سلطان پور) سے بی جے پی رکن اسمبلی دیومنی دویدی نے اسمبلی میں اس تعلق سے آواز بھی اٹھائی تھی۔


بتایا جاتا ہے کہ دیومنی دویدی کے ذریعہ معاملہ اٹھائے جانے کے بعد سلطان پور کے ضلع مجسٹریٹ اور ایودھیا کے ڈویژنل کمشنر نے گزیٹیر میں سلطان پور کی قدیم تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے ضلع کا نام بدل کر کُش بھون پور کرنے کے لیے ریاستی حکومت اور ریونیو بورڈ کو ایک سفارش بھیجی تھی۔ اگر یہ تجویز منظور کر لی جاتی ہے تو یوگی آدتیہ ناتھ حکومت میں سلطان پور تیسرا ضلع ہوگا جس کا نام بدلا جائے گا۔ اس سے قبل فیض آباد کا نام بدل کر ایودھیا اور الٰہ آباد کا نام بدل کر پریاگ راج کر دیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔