اتر پردیش: کشی نگر میں دھان کی خریداری سست

مجاز ذرائع نے بتایا کہ 28 فروری تک ضلع کے 18286 کسانوں سے صرف 77281.43 میٹرک ٹن دھان خریدا جا سکا، جو کہ حکومت کے ہدف کا 77.90 فیصد ہے۔

دھان، تصویر آئی اے این ایس
دھان، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

کشی نگر: اتر پردیش کے ضلع کشی نگر میں امسال دھان کی خریداری کی رفتار بہت سست رہی ہے۔ کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) میں 72 روپے فی کوئنٹل کے اضافے کے باوجود دھان کی خریداری، ہدف سے 22.10 فیصد کم ہوئی، جبکہ 19.56 کروڑ روپے کی ادائیگی ابھی باقی ہے۔

مجاز ذرائع نے بتایا کہ رواں سال نومبر سے دھان کی خریداری کے لیے چھ ایجنسیوں کو نامزد کیا گیا تھا۔ دھان کی خریداری کے لیے محکمہ خوراک کے 21، فوڈ کارپوریشن آف انڈیا کے ایک، پی سی ایف کے 26، نَیفیڈ کے آٹھ، پی سی یو کے سات اور یو پی ایس ایس کے چھ سمیت کل 69 خریداری مراکز قائم کیے گئے تھے۔ انھیں کل 99200 میٹرک ٹن دھان خریدنے کا ہدف دیا گیا تھا۔ دھان کی کم از کم امدادی قیمت 72 روپے بڑھا کر 1940 روپے فی کوئنٹل کر دی گئی، لیکن دھان کی خریداری نسبتاً نہیں بڑھ سکی۔


انہوں نے کہا کہ 28 فروری تک ضلع کے 18286 کسانوں سے صرف 77281.43 میٹرک ٹن دھان خریدا جا سکا، جو کہ حکومت کے ہدف کا 77.90 فیصد ہے۔ خریدے گئے دھان کے عوض ایک ارب 49 کروڑ 92 لاکھ 60 ہزار روپے ادا ئیگی کرنی تھی۔ اس میں سے کاشتکاروں کو ایک ارب 30 کروڑ 36 لاکھ 37 ہزار روپے ادا کر دیئے گئے ہیں تاہم 19 کروڑ 56 لاکھ 23 ہزار روپے کسانوں کو دینا باقی ہیں۔

اس بابت ڈسٹرکٹ فوڈ مارکیٹنگ آفیسر ونے پرتاپ سنگھ نے بتایا کہ امسال مارکیٹنگ میں خریداری کے لیے چھ ایجنسیوں کے 69 خریداری مراکز قائم کیے گئے تھے۔ 99.200 میٹرک ٹن دھان کی خریداری کی جانی تھی لیکن یو پی ایس ایس اے، نیفیڈ اور پی سی یو سے ہدف کے مطابق دھان کی خریداری نہیں ہو سکی۔ کسانوں کو بقایا رقم کی جلد از جلد ادائیگی کے لیے بھی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔