اتر پردیش: شر پسندوں نے مسجد پر لکھ دیا ’جئے شری رام‘، پولیس افسران الرٹ!
سرور پور کلاں گاؤں کے رہنے والے بابو خاں نے بتایا کہ جمعہ کی صبح وہ بازار کی بڑی مسجد کا دروازہ کھولنے کے لیے پہنچا تو دیکھا کہ دروازے پر ’جئے شری رام‘ لکھا ہے، پھر اس نے کپڑے سے اسے مٹا دیا۔
اتر پردیش کے باغپت میں شرپسند افراد کے ذریعہ ماحول خراب کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق باغپت کے کوتوالی علاقہ واقع سرور پور کلاں گاؤں میں کچھ شر پسند عناصر نے گاؤں کی بڑی مسجد کے صدر دروازے سمیت دیواروں پر کئی جگہ ’جئے شری رام‘ لکھ دیا۔ جمعہ کی صبح جب مسلم طبقہ کے لوگوں نے یہ دیکھا تو حیران رہ گئے۔ جب اس کی خبر پولیس کو ملی تو وہ فوراً پہنچی اور جن مقامات پر ’جئے شری رام‘ لکھا ہوا تھا وہاں پُتائی کر دی۔ ماحول خراب کرنے کی شرپسندوں کی اس کوشش کو دیکھتے ہوئے پولیس افسران الرٹ ہو گئے ہیں۔
سرور پور کلاں گاؤں کے رہنے والے بابو خاں کا کہنا ہے کہ جمعہ کی صبح وہ بازار میں واقع بڑی مسجد کا دروازہ کھولنے کے لیے پہنچا۔ اس نے دیکھا کہ دروازے پر ’جئے شری رام‘ لکھا ہوا ہے، جسے اس نے کپڑے سے مٹا دیا۔ بابو خاں کا کہنا ہے کہ پھر انھوں نے دیواروں کی طرف دیکھا تو کچھ مقامات پر ’جئے شری رام‘ لکھا نظر آیا۔ گاؤں کے ہی کسی شخص نے اس کی خبر پولیس کو دے دی۔ خبر ملتے ہی پولیس مسجد کے پاس پہنچی اور فوری طور پر دیوار کی پُتائی کر دی تاکہ ’جئے شری رام‘ لکھا نظر نہ آئے۔ بابو خاں کا کہنا ہے کہ کچھ شر پسند عناصر نے ہی گاؤں کا ماحول بگاڑنے کی کوشش کی ہے۔
معاملہ سامنے آنے کے بعد پولیس الرٹ ہو گئی ہے اور گاؤں کے کئی لوگوں سے اس معاملے میں پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔ کوتوالی انچارج راکیش کمار سنگھ کا کہنا ہے کہ جانچ کی جا رہی ہے اور جلد ہی قصورواروں کو گرفتار کر لیا جائے گا۔ مسجد کی دیواروں پر ’جئے شری رام‘ کا نعرہ لکھے جانے سے مسلم طبقہ میں بھی ناراضگی دیکھنے کو مل رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔