اتر پردیش: شاہجہان پور میں دروغہ پر عصمت دری کا الزام

پولیس سپرنٹنڈنٹ آنند نے بتایا کہ ملزم دروغہ سنیل شرما کے تبادلے کے لئے لکھا گیا ہے، وہیں متاثرہ کی جانب سے درج کیے گئے معاملے کی تفتیش دوسرے ضلع سے کرائی جائے گی۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

شاہجہاں پور: اترپردیش کے ضلع شاہجہان پور کے ایک دروغہ پر ایک خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی کر کے فحش ویڈیوز بنانے کا الزام لگا ہے۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ ایس آنند نے یواین آئی کو بتایا کہ جلال آباد پولیس تھانے میں تعینات دروغہ سنیل شرما پر ایک خاتون نے الزام عائد کیا ہے کہ وہ مقدمہ کی تاریخ پر جانے کے لئے شاہجہان پور سے کلان جانے کے لئے جلال آباد سے آٹو میں سوار ہوئی تھی لیکن آٹو ڈرائیور نے اسے ایک ویران جگہ پر اتار دیا اور کلان جانے سے انکار کر دیا۔ اسی دوران دروغہ سنیل شرما وہاں پہنچے اور مقدمہ میں پیروی نہ کرنے کے لئے دھمکی دی اور اسے اپنی کار میں زبردستی ڈال کر ویران جگہ پر لے گئے۔

ایس آنند نے بتایا کہ اس کے بعد دروغہ نے کولڈ ڈرنک میں کوئی نشیلی شئی ڈال کر پلائی اور پھر اس کے ساتھ جنسی زیادتی کی اور فحش ویڈیو بھی بنا لیا۔ ضلع بدایوں کی رہنے والی خاتون نے گزشتہ سال 2 ستمبر کو اسی دروغہ سنیل شرما کے خلاف جنسی زیادتی کا مقدمہ درج کرایا تھا، اس وقت سنیل شرما کلان پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او تھے۔ خاتون نے شرما پر الزام لگایا تھا کہ اس کا شوہر سے جہیز سے متعلق تنازعہ چل رہا ہے اور اسی معاملے پر وہ ایس ایچ او سے رابطہ میں آئی تھی۔


دروغہ نے اس خاتون کےساتھ قربت بڑھائی اور پھر اس کے ساتھ جنسی زیادتی کی تھی اوراس معاملہ کا سوشل میڈیا پر فحش ویڈیو وائرل ہونے کے بعد یہ معاملہ درج کیا گیا تھا، لیکن بدایوں پولیس نے اپنی تحقیقات میں اس معاملے کو ختم کرتے ہوئے حتمی رپورٹ پیش کردی۔ متاثرہ خاتون 8 جنوری کو اسی معاملے میں احتجاج درج کروانے کے لئے شاہجہاں پور عدالت آئی تھی، وہاں سے واپس آتے ہوئے مذکورہ دروغہ نے اس کے ساتھ جنسی زیادتی کی۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ آنند نے بتایا کہ ملزم دروغہ سنیل شرما کے تبادلے کے لئے لکھا گیا ہے، وہیں متاثرہ کی جانب سے درج کیے گئے معاملے کی تفتیش دوسرے ضلع سے کرائی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔