اتر پردیش میں ایک ہی فیملی کے 32 اراکین کورونا پازیٹو، اب پورے علاقے کی ہوگی جانچ!
اتر پردیش کے باندا ضلع میں کورونا انفیکشن بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ یہاں کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد 807 پہنچ گئی ہے جن میں 360 کا علاج اب بھی چل رہا ہے۔
اتر پردیش میں ایک ہی فیملی کے 32 اراکین کورونا پازیٹو پائے گئے ہیں۔ اس خبر کے عام ہوتے ہی علاقے میں افرا تفری کا عالم دیکھنے کو مل رہا ہے۔ معاملہ باندا شہر کا ہے جہاں کی ایک ہی فیملی میں 32 لوگ کورونا ٹیسٹ میں پازیٹو پائے گئے ہیں۔ باندا کے سی ایم او نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سب سے پہلے اس فیملی کے سب سے بزرگ شخص کورونا پازیٹو پائے گئے تھے، بعد میں فیملی کے دیگر اراکین کا ٹیسٹ ہوا تو بڑی تعداد میں باقی اراکین بھی کورونا پازیٹو پائے گئے۔
سی ایم او ڈاکٹر این ڈی شرما نے بتایا کہ فی الحال فیملی کے سبھی لوگوں کی حالت مستحکم ہے اور وہ سبھی کھانا پینا کھا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ فی الحال فکر کی کوئی بات نہیں ہے۔ لیکن ایک ہی فیملی میں اتنی بڑی تعداد میں کورونا انفیکشن پھیلنے پر انتظامیہ نے شہر کے پھوٹا کنواں علاقہ میں افسران کی ٹیم بھیج کر جانچ کا عمل تیز کر دیا ہے۔
غور طلب ہے کہ اتر پردیش کے باندا ضلع میں کورونا مریضوں کی تعداد لگاتار بڑھ رہی ہے۔ یہاں مجموعی مریضوں کی تعداد 807 تک پہنچ گئی ہے جن میں سے ابھی ایکٹیو معاملوں کی تعداد 360 ہے۔ وہیں، اگر پوری ریاست کی بات کریں تو گزشتہ 24 گھنٹوں میں یو پی میں کورونا وائرس کے 5571 نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔