اتر پردیش اسمبلی انتخاب: خواتین کے لئے علیحدہ انتخابی منشور جاری کرے گی کانگریس

پرینکا واڈرا نے ریاستی دفتر میں منگل کو انتخابی منشور کمیٹی کے علاوہ چارج شیٹ کمیٹی کی بھی میٹنگ طلب کی ہے۔ وہ مختلف کمیٹیوں کی میٹنگ کے علاوہ پارٹی کے لیڈروں اور کارکنوں سے بھی ملاقات کریں گی۔

پرینکا گاندھی، تصویر ٹوئٹر@INCUttarPradesh
پرینکا گاندھی، تصویر ٹوئٹر@INCUttarPradesh
user

یو این آئی

لکھنؤ: اترپردیش میں آئندہ سال ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لئے کانگریس ایک نئی حکمت عملی پر کام کرتے ہوئے اس بار خواتین کے لئے ایک علیحدہ انتخابی منشور جاری کرے گی۔ کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وادڑا پارٹی کی جانب سے خواتین کے لئے علیحدہ انتخابی منشور کی تیاری کے لئے گزشتہ دو دنوں سے لکھنؤ واقع کانگریس کے ریاستی دفتر میں کانگریس لیڈروں کے ساتھ تبادلہ خیال کر رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق منگل کو بھی خواتین انتخابی منشور کو حتمی شکل دینے کے لئے واڈرا نے میٹنگ بلائی ہے۔

پرینکا واڈرا اترپردیش اسمبلی انتخابات کی کانگریس کی انچارج بھی ہیں۔ ریاستی دفتر میں منگل کو انتخابی منشور کمیٹی کے علاوہ چارج شیٹ کمیٹی کی بھی میٹنگ طلب کی گئی ہے۔ مختلف کمیٹیوں کی میٹنگ کے علاوہ پارٹی کے لیڈروں اور کارکنوں سے بھی ملاقات کریں گی۔


ذرائع کے مطابق کانگریس نے اسمبلی انتخابات میں پہلی بار خواتین کے لئے علیحدہ انتخابی منشور جاری کرنے کی پہل کی ہے۔ اس میں طالبات کو پنک اسکوٹی تقسیم کرنے کے وعدے کے علاوہ خاتون بہبود و باختیاری کے لئے کئے جانے والے کاموں پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔

ملحوظ رہے کہ پیر کو کانگریس کی اترپردیش انچارج پرینکا گاندھی واڈرا انتخابی منشور کمیٹی کی میٹنگ میں شریک ہوئی تھیں۔ اس کے علاوہ پرینکا واڈرا نے انتخابی تشہیر مہم کمیٹی سمیت دیگر کمیٹیوں کی میٹنگ میں شرکت کی تھی۔ کانگریس نے اس بار اپنے انتخابی منشور میں نوجوانوں، کسانوں، خواتین، کاروباریوں اور محروم طبقات سمیت سبھی دیگر طبقات کے مفادات کو پیش نظر رکھتے ہوئے ایکشن پلان کے اعلان کی بات کہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔