مظفرنگر: پریکٹیکل کے بہانے نشہ دے کر 17 لڑکیوں سے ریپ کی کوشش! دو اسکول مینیجروں کے خلاف مقدمہ درج
پولیس کے مطابق اہل خانہ کی شکایت ہے کہ ملزمان نے لڑکیوں کو دھمکی دی تھی کہ واقعہ کے بارے میں کسی کو نہ بتائیں، شکایت کے بعد بھی مقامی پولیس نے کوئی قدم نہیں اٹھایا تو انہوں نے رکن اسمبلی سے رابطہ کیا۔
مظفرنگر: ضلع مظفرنگر کے قصبہ پورقاضی دو نجی اسکولوں کے مینیجروں پر 17 لڑکیوں کو مبینہ طور پر نشیلی چیز کھلا کر جنسی ہراسانی کا نشانہ بنانے اور آبروریزی کی کوشش کرنے کا الزام عائد ہوا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس نے اس معاملہ میں دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ اسی کے ساتھ لاپروائی برتنے کی وجہ سے ایک پولیس عہدیدار کو لائن حاضر کر دیا گیا ہے۔
مظفرنگر ضلع کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ابھیشیک یادو نے پیر کے روز بتایا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈر اور مقامی رکن اسمبلی پرمود اوٹوال کی مداخلت کے بعد اہل خانہ کی شکات کی بنا پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پورقاضی پولیس تھانہ کے انچارج ونود کمار سنگھ کو اس معاملہ میں لاپروائی برتنے کی وجہ سے لائن حاضر کر دیا گیا ہے۔ وہیں، بھوپہ تھانہ میں واقع سوریہ دیو پبلک اسکول کے مینیجر یوگیش کمار چوہان اور پورقاضی علاقہ میں واقع جی جی ایس انٹرنیشنل اسکول کے مینیجر ارجن سنگھ کے خلاف جنسی ہراسانی، نشیلی چیز دینے اور پوکسو ایکٹ کی دفعات میں رپورٹ درج کی گئی ہے۔
ابھیشیک یادو نے بتایا کہ مبینہ واقعہ اس وقت رونما ہوا جب سوریہ دیو پبلک اسکول میں تعلیم حاصل کر رہیں 17 لڑکیوں کو پریکٹیکل امتحان دلانے کے لئے جی جی ایس اسکول لے کر گئے تھے اور انہیں وہاں رات بھر ٹھہرنا پڑا تھا۔ متاثرین کے اہل خانہ کی شکایت کے مطابق دونوں ملزمان نے نابالغ لڑکیوں کو مبینہ طور پر نشیلی چیز کھلا کر ان سے چھیڑخانی کی اور عصمت دری کی بھی کوشش کی۔
پولیس کے مطابق اہل خانہ نے شکایت کی ہے کہ ملزمان نے لڑکیوں کو دھمکی دی تھی کہ واقعہ کے بارے میں کسی کو نہ بتائیں اور جب شکایت کے بعد بھی مقامی پولیس نے کوئی قدم نہیں اٹھا تو انہوں نے رکن اسمبلی سے رابطہ کیا۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ دو اسکول مینیجروں کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعات 328 (جرم سرزد کرنے کی نیت سے زہر وغیرہ دے کر جسمانی نقصان پہنچانا، 354 خاتون کی عزت لوٹنے کے ارادے سے حملہ کرنا یا طاقت کا استعمال کرنا) اور پریونشن آف چلڈرن فرام سیکشول آفینسز (پوکسو) سے منسلک دفعات میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔