امریکہ ہندوستان کے عام انتخابات میں خلل ڈالنا چاہتا ہے، لوک سبھا انتخابات کے دوران روس کا سنسنی خیز دعویٰ
روسی کی ترجمان نے کہا ہے کہ امریکہ ہندوستان کی مذہبی آزادی کے حوالے سے ہندوستان کے اندرونی سیاسی منظر نامے کو درہم برہم کرتے ہوئے عام انتخابات کو مزید پیچیدہ کرنا چاہتا ہے۔
ملک میں جاری عام انتخابات کے دوران روس نے ایک سنسنی خیز دعویٰ کیا ہے۔ اس نے کہا ہے کہ امریکہ ہندوستان کے لوک سبھا انتخابات میں خلل ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے۔ روس کی سرکاری نیوز ایجنسی آر ٹی کے حوالے سے میڈیا میں آئی خبروں کے مطابق امریکہ ہندوستان کی سیاسی صورت حال کو خراب کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
خبروں کے مطابق روس کی روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے کہا کہ امریکہ دراصل ہندوستان کی سیاسی صورت حال کا توازن بگاڑنا چاہتا ہے۔ وہ ہندوستان کی سیاسی سمجھ اور تاریخ کو نہیں سمجھتا۔ روسی ترجمان نے یہ بیان ہندوستان میں مذہبی آزادی کے حوالے سے امریکہ کی رپورٹ کے تناظر میں دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ امریکہ ہندوستان کی مذہبی آزادی کے حوالے سے مسلسل بے بنیاد الزامات لگا رہا ہے۔ اس کے ذریعے وہ ہندوستان کے اندرونی سیاسی منظر نامے کو درہم برہم کرتے ہوئے عام انتخابات کو مزید پیچیدہ کرنا چاہتا ہے اور یہ ہندوستان کی توہین ہے۔
روسی ترجمان ماریہ زخارووا نے گروپونت سنگھ پنو کے قتل کی کوشش کا بھی ذکر کیا ہے اور کہا ہے کہ ہماری معلومات کے مطابق واشنگنٹن نے ابھی تک پنو نامی شخص کے قتل کی سازش میں ہندوستانی شہریوں کے ملوث ہونے کی کوئی قابل اعتماد معلومات یا ثبوت پیش نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی سرگرمیاں واضح طور پر ہندوستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی عکاسی کرتی ہیں جو کہ ہندوستان کی خود مختاری اور سالمیت کا مذاق اڑانے کی مانند ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔