اردو اکادمی، دہلی کی جانب سے ’ٹی جی ٹی اردو‘ کی تیاری کے لیے جامعہ میں مفت کوچنگ کا آغاز

اردو اکادمی، دہلی کی جانب سے جامعہ کے اشتراک سے ٹی جی ٹی (اردو) کے امتحان کی تیاری کے لیے مفت کوچنگ و اورینٹیشن پروگرام کا انعقاد اکادمی برائے فروغِ استعداد اردو میڈیم اساتذہ کے آڈیٹوریم میں کیا گیا

<div class="paragraphs"><p>تصویر پریس ریلیز</p></div>

تصویر پریس ریلیز

user

پریس ریلیز

نئی دہلی: اردو اکادمی، دہلی کی جانب سے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے اشتراک سے ٹی جی ٹی (اردو) کے امتحان کی تیاری کے لیے مفت کوچنگ و اورینٹیشن پروگرام کا انعقاد اکادمی برائے فروغِ استعداد اردو میڈیم اساتذہ کے آڈیٹوریم میں کیا گیا۔

اس موقع پر اکادمی برائے فروغ استعداد اردو میڈیم اساتذہ کے اعزازی ڈائریکٹر پروفیسر شہزاد انجم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’’ابھی آپ واقف نہیں ہے کہ اس امتحان میں کس طرح کے سوالات ہوں گے اور ان کے کیا جوابات ہوں گے۔ آپ کی تیاری کے لیے ہم نے بہترین اساتذہ کا انتخاب کیا ہے تاکہ آپ ان سے فائدہ اُٹھا سکیں۔‘‘

انہوں نے مزید کہا، ’’لیکن یہ بات یاد رکھیں کہ اس کے لیے شب و روز محنت کی ضرورت ہے۔ کسی امتحان کی تیاری دو چار روز میں نہیں ہو جاتی، اس کے لیے مسلسل اور سخت محنت کی ضرورت ہوتی ہے۔ آپ کلاسز میں مستقل اور پابندی سے حصّہ لیں اور پوری تیاری اور دلجمعی کے ساتھ کلاسوں میں شرکت کریں تاکہ آپ کے لیے آگے آسانیاں پیدا ہوں۔ ہمارا بنیادی مقصد ہے کہ آپ کو راستہ دکھایا جائے، اب آگے کس طرح بڑھنا ہے یہ آپ پر منحصر ہے۔‘‘


اردو اکادمی، دہلی کے سکریٹری محمد احسن عابد نے اپنے خطاب میں کہا کہ آپ کلاسوں میں مستقل شامل ہوں اور امتحان میں کامیاب ہو کر اچھے اساتذہ بنیں۔ آپ کی امتحان کی تیاری کے لیے محنت، محنت اور صرف محنت کی ضرورت ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت دہلی کی کوشش ہے کہ اردو کو فروغ دیا جائے اور فروغ اساتذہ تدریس سے شروع ہوتا ہے۔ آپ اس موقع کو ہاتھ سے نہ جانے دیں اس لیے کہ آپ ہی کل کے اساتذہ بننے والے ہیں۔

اکادمی برائے فروغ استعداد اردو کے استاد ڈاکٹر واحد نظیر نے اس موقع پر کہا کہ ہماری کوشش ہوتی ہے کون سا ایسا کام انجام دیں کہ قوم و ملک کے بچے کامیابی حاصل کریں۔ آپ پوری لگن اور محنت کے ساتھ کچھ ہی مہینوں میں طالب علم کی حیثیت سے بڑھ کر اساتذہ کی فہرست میں شامل ہو جائیں گے۔ آپ کے سامنے آپ کا مستقبل دعوت دے رہا ہے کہ آگے بڑھیں اور کامیابی حاصل کریں۔


اس سے قبل اکادمی کے اسسٹنٹ پبلی کیشن آفیسر محمد ہارون نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے تمام معزز مہمانان اور طلبہ کا خیرمقدم کیا اور اکادمی کی مختلف سطح پر اردو کی توسیع اور فروغ سے متعلق اردو کے تئیں کارکردگی پیش کی اور کہا کہ آپ حضرات پابندی وقت کے ساتھ ان کوچنگ کلاسیز میں شرکت کریں اور اس سے بھرپور فائدہ اٹھا کر امتحان میں کامیابی حاصل کریں ۔ یہ کلاسیز آج سے 12 اگست 2024 تک صبح ساڑھے نو بجے تا دوپہر ڈھائی بجے جاری رہیں گی۔

اکادمی برائے فروغ استعداد اردو کی استاذ اور اس کوچنگ پروگرام کی کو آرڈینیٹر ڈاکٹر حنا آفریں نے نظامت کے فرائض انجام دیے اور آخر میں پروگرام کے اختتام کا اعلان کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔