یو پی: مرکزی وزیر کے ڈرائیور کی ڈیوٹی کے دوران موت، پراپرٹی ڈیپارٹمنٹ پر اٹھی انگلی

مہلوک کے اہل خانہ نے ڈیپارٹمنٹ پر لاپروائی کا الزام عائد کیا ہے اور افسران کے خلاف پولیس میں شکایت دی ہے، پولیس نے اس سلسلے میں آگے کی کارروائی بھی شروع کر دی ہے اور حقیقت حال کا پتہ چلایا جا رہا ہے۔

نارائن رانے، تصویر آئی اے این ایس
نارائن رانے، تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

اتر پردیش کی راجدھانی لکھنؤ میں مرکزی وزیر نارائن رانے کے لیے ڈرائیور کی ڈیوٹی انجام دے رہے اشوک کمار ورما کی موت دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے ہو گئی، جس کے بعد ایک ہنگامہ برپا ہو گیا ہے۔ دراصل پراپرٹی ڈیپارٹمنٹ کے ڈرائیور اشوک کمار کی طبیعت خراب ہونے کی بات کہی جا رہی ہے اور الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ وہ چھٹی پر تھے، لیکن جب مرکزی وزیر نارائن رانے لکھنؤ پہنچے تو جبراً اشوک کی ڈیوٹی ڈیپارٹمنٹ نے لگا دی، اور پھر ڈیوٹی کے دوران ہی اس کی موت واقع ہو گئی۔

اشوک کمار ورما کے اہل خانہ نے ڈیپارٹمنٹ پر لاپروائی کا الزام عائد کیا ہے اور ڈیپارٹمنٹ کے افسران کے خلاف پولیس میں شکایت بھی دی ہے۔ پولیس نے اس سلسلے میں آگے کی کارروائی بھی شروع کر دی ہے اور حقیقت حال کا پتہ چلایا جا رہا ہے۔


میڈیا ذرائع میں آ رہی خبروں میں کہا جا رہا ہے کہ اشوک ریاستی پراپرٹی ڈیپارٹمنٹ میں ڈرائیور کے عہدہ پر تعینات تھے۔ جب مرکزی وزیر نارائن رانے لکھنؤ آئے تو اشوک کی ڈیوٹی بھی لگا دی گئی۔ ڈیوٹی کے دوران جب اشوک کو دل کا دورہ پڑا تو اسے ایک افسر کی گاڑی سے اسپتال لے جایا گیا، لیکن وہ بچ نہیں سکا۔

اشوک کمار کی بیوی رجنی کا کہنا ہے کہ ان کی طبیعت خراب تھی جس کی وجہ سے وہ میڈیکل لیو (چھٹی) پر تھے۔ لیکن جب نارائن رانے آئے تو میڈیکل لیو کے باوجود اشوک کو زبردستی بلایا گیا۔ گھر والوں نے پراپرٹی ڈیپارٹمنٹ کے موٹر انچارج امریش شریواستو پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ اشوک کی بیماری کے بارے میں جانتے بھی تھے، اس کے باوجود انھوں نے فون کر کے زبردستی بلایا اور نہ پہنچنے پر سسپنڈ کرنے کی دھمکی دی۔ مجبوری میں اشوک کو ڈیوٹی کے لیے جانا پڑا اور یہ حادثہ سرزد ہو گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔