’زی نیوز‘ کے اینکر کو گرفتار کرنے پہنچی چھتیس گڑھ پولیس کو یوپی پولیس نے روکا، کانگریس کی تنقید
جئے رام رمیش نے کہا کہ ’’یہ کون سا گٹھ جوڑ ہے جس کا پردہ فاش ہونے سے بی جے پی ڈر رہی ہے؟ بی جے پی کیوں نہیں چاہتی کہ فرضی خبر اور جھوٹی صحافت کے ایسے پیروکاروں کی ذمہ داری طے کی جائے؟‘‘
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کے خلاف فرضی خبر چلانے کے ملزم ’زی نیوز‘ کےاینکر روہت رنجن کو گرفتار کرنے پہنچی چھتیس گڑھ پولیس کو یوپی پولیس نے روک دیا۔ چھتیس گڑھ پولیس کا الزام ہے کہ ’’گرفتاری عمل میں لائی جا رہی تھی... (جب) مقامی پولیس ملزم کو اپنے ساتھ لے گئی اور گرفتاری کے عمل میں رخنہ ڈال دیا، حالانکہ چھتیس گڑھ پولیس نے انھیں وارنٹ کی کاپی دکھائی تھی۔‘‘
اس معاملے کو لے کر کانگریس نے یوپی پولیس پر اور بی جے پی حکومت پر حملہ کیا ہے۔ پارٹی جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے منگل کے روز ایک بیان جاری کر کہا کہ اتر پردیش پولیس نے ایک ملزم کو بچانے کے لیے چل رہی جانچ میں قصداً مداخلت کیا ہے۔ انھوں نے سنگین جرائم کے قصوروار شخص کو منصفانہ جانچ سے بچانے کے لیے بغیر کسی وجہ یا وضاحت کے ریاستی نظام کو تعینات کیا۔ انھوں نے سوال کیا کہ ایسا کیا راز ہے جس کے اس جانچ کے ذریعہ سے ظاہر ہونے کے خوف سے ان کے سیاسی آقاؤں کے ہاتھ پیر پھول گئے ہیں؟
کانگریس لیڈر نے کہا کہ گرفتاری وارنٹ ثبوت کی بنیاد پر ایک کورٹ کے ذریعہ جاری کیا گیا تھا۔ پھر پولیس کی کارروائی میں کیوں رخنہ ڈالا گیا۔ انھوں نے کہا کہ کیا بی جے پی یہ دعویٰ کر سکتی ہے کہ عدالتوں کی بھی سیاست کاری ہو گئی ہے؟ جئے رام رمیش نے مزید کہا کہ اگر بی جے پی ملزمین کو بچانا ہی چاہتی ہے تو پھر عدالت کا دروازہ کیوں نہیں کھٹکھٹاتی؟
جئے رام رمیش کا کہنا ہے کہ ایسا دوسری بار ہے جب بی جے پی نے عادتاً ملزمین کو جائز قانونی جانچ اور تفتیش سے بچانے کے لیے پولیس فورس کو تعینات کیا ہے۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ ’’یہ کون سا گٹھ جوڑ ہے جس کا پردہ فاش ہونے سے بی جے پی ڈر رہی ہے؟ بی جے پی کیوں نہیں چاہتی کہ فرضی خبر اور جھوٹی صحافت کے ایسے پیروکاروں کی ذمہ داری طے کی جائے، جو سنگین شہری بدامنی کی وجہ بن سکتے ہیں؟‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔