ٹیچر بھرتی امیدواروں کو حق سے محروم کررہی ہےیوگی حکومت:اکھلیش
اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جےپی حکومت لگاتار غیر آئینی کام کررہی ہے۔ بی جےپی حکومت آئینی اداروں کو کمزور کررہی ہے۔ اس کا رویہ تاناشاہی والا ہے۔
سماجوادی پارٹی(ایس پی) سربراہ اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جےپی 69 ہزار ٹیچر بھرتی کے پی ڈی اے امیدواروں کو ان کا حق نہیں دے رہی ہے۔اکھلیش یادو نے پیر کو کہا کہ بی جےپی کی پالیسی پی ڈی اے مخالف ہے۔ بی جے پی پچھڑوں، دلتوں کے ریزرویشن کے ساتھ لوٹ کررہی ہے۔ حکومت نوجوانوں، کسانوں، ملازمین کا استحصال کررہی ہے۔ ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد ٹیچر بھرتی امیدواروں کو لے کر بی جے پی کی نیت صاف نہیں ہے۔ اپنے حق اور ریزرویشن کو بچانے کے لئے ٹیچر امیدوار لمبے عرصے سے لگاتار جدوجہد کررہے ہیں۔
اکھلیش یادو نے کہا کہ کئی سالوں کی لمبی لڑائی کے بعد ٹیچر امیدواروں کو ہائی کورٹ سے انصاف ملا لیکن حکومت ان کا حق نہیں دینا چاہتی ہے۔ بی جے پی حکومت معاملے کو الجھائے رکھنا چاہتی ہے۔وزیر اعلی اور حکومت کے دیگر لوگ ٹیچر امیدواروں کو جھوٹا دلاسہ دے رہے ہیں۔ ہائی کورٹ کے فیصلے پر امیدواروں کی حمایت میں فیصلہ لینے کے بجائے اسے لٹکائے رکھنا چاہتی ہے۔
یادو نے کہا کہ بی جےپی حکومت لگاتار غیر آئینی کام کررہی ہے۔ بی جےپی حکومت آئینی اداروں کو کمزور کررہی ہے۔ اس کا رویہ تاناشاہی والا ہے۔ یہ حکومت نوجوانوں کو رسوا کررہی ہے۔ معاملہ 69 ہزار ٹیچر امیدواروں کا ہے۔ شکشا متروں یا دیگر ملازمین و نوجوانوں کا ہو۔ بی جے پی حکومت نے سبھی کے ساتھ ناانصافی کی ہے۔اپنے حق کے لئے جمہوری ڈھنگ سے مانگ کرنے والوں پر حکومت پولیس سے لاٹھیاں چلاتی ہے۔
69 ہزار عہدوں ریزرویشن کا مطالبہ کررہے امیدواروں اور شکشا متروں کو نہ جانے کتنی بار لاٹھیوں سے پیٹا گیا ہے۔ حراست میں لیا گیا اور توہین کی گئی۔ لیکن ان کے مطالبات نہیں مانے گئے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے خلاف عوام کا اشتعال بڑھتا جارہا ہے۔ آنے والے اسمبلی ضمنی الیکشن اور 2027 کے عام اسمبلی الیکشن میں عوام بی جے پی کو اقتدار سے ہٹا کر اس کے غرور کو توڑ دیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔