یوپی انتخابات: ای وی ایم میں گڑبڑی کا اندیشہ! دوربین کے ذریعے 24 گھنٹے نگرانی کر رہے اتحاد کے امیدوار
اسمبلی انتخابات کے نتائج کا اعلان 10 مارچ کو ہونا ہے اور ای وی ایم کی حفاظت ایک بڑا مسئلہ ہے، انتظامیہ کے علاوہ امیدوار خود بھی سخت نگرانی کر رہے ہیں، میرٹھ میں تو دوربین سے نگرانی کی جا رہی ہے۔
میرٹھ: اسمبلی انتخابات کے نتائج سے عین قبل اپوزیشن پارٹیاں پوری ریاست میں ای وی ایم کی حفاظت کو لے کر بی جے پی پر حملہ آور ہیں۔ ای وی ایم کی حفاظت میں کوئی کسر نہ رہ جائے اس کے لئے امیدواروں نے وسیع انتظامات کیے ہیں۔ امیدواروں کی چوکسی کی مثال میرٹھ میں دیکھی جا سکتی ہے جہاں ہستینا پور سیٹ سے ایس پی - آر ایل ڈی اتحاد کے امیدوار یوگیش ورما اور ان کے حامی 10 مارچ تک دوربین کے ساتھ اسٹرانگ روم کے باہر خیمہ زن ہیں۔
آج تک کے ویب پورٹل پر شائع رپورٹ کے مطابق اسٹرانگ روم اور اس کے گرد و نواح پر گہری نظر رکھنے کے لیے یوگیش ورما نے ہائی ٹیک انتظامات کیے ہیں۔ انہوں نے اسٹرانگ روم کے باہر باقاعدہ ایک جپسی گاڑی کھڑی کرنے کا انتظام کیا ہے اور وہ دوربین کے ذریعے ای وی ایم پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
اسی طرح اتحاد کے امیدوار اور حامی اسٹرانگ روم کے ارد گرد کسی بھی مشکوک نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے دوربین کا استعمال کر رہے ہیں۔ اس سے انہیں دور سے نگرانی کرنا آسان ہو جاتا ہے۔ اتحادی امیدواروں کے حامی یہ کام 24 گھنٹے تین شفٹوں میں انجام دے رہے ہیں۔
اتحاد کے ہستینا پور سے امیدوار یوگیش ورما کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹے نگرانی کی جا رہی ہے۔ 8 سے 8 گھنٹے کی شفٹوں میں کام کیا جا رہا ہے اور انتظامیہ نے جس طرح تین سطحی سیکورٹی کے انتظامات کیے ہیں اسی طرح انہوں نے بھی تین سطحوں پر اپنی جانب سے سیکورٹی کے انتظامات کیے ہیں۔ ساتھ ہی 24 گھنٹے نگرانی کی جا رہی ہے۔
اتحاد کے امیدوار یوگیش ورما کا کہنا ہے کہ یہ خوف نہیں ہے، یہ نگرانی اور بیداری ہے اور وہ اپنی جائیداد کی حفاظت میں لگے ہوئے ہیں، کیونکہ ان کا مقابلہ بی جے پی سے ہے۔ اگرچہ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ انتظامیہ کے حفاظتی انتظامات سے مکمل طور پر مطمئن ہیں لیکن وہ کوئی کسر نہیں چھوڑنا چاہتے، اس لیے 24 گھنٹے نگرانی کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کیا امریکہ پوتن کا حشر صدام جیسا کرے گا!... ظفر آغا
خیال رہے کہ اتر پردیش میں ووٹوں کی گنتی 10 مارچ کو ہونی ہے اور میرٹھ میں پہلے مرحلے کے دوران پولنگ ہوئی تھی۔ اس بار میرٹھ میں دو جگہوں پر ووٹوں کی گنتی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ ہستینا پور، سردھنا اور سوال خاص اسمبلی سیٹوں کے ووٹوں کی گنتی میرٹھ کی زرعی یونیورسٹی میں کی جائے گی، جبکہ میرٹھ کی لوہیا نگر منڈی میں، چار اسمبلی سیٹوں میرٹھ شہر، میرٹھ جنوبی، کٹھور اور میرٹھ کینٹ کے ووٹوں کی گنتی ہوگی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔