اتر پردیش: شاہجہاں پور میں انتخابی تشدد، سماجوادی پارٹی کارکن کا گولی مار کر قتل
منگل کے روز نگوہی تھانہ حلقہ کے ایک گاؤں میں کچھ لوگوں نے سماجوادی پارٹی لیڈر سدھیر کمار پر حملہ کر دیا جس میں اس کی موت ہو گئی، اس واقعہ میں ایک دیگر شخص زخمی ہوا ہے جس کا علاج چل رہا ہے۔
شاہجہاں پور میں انتخابی تشدد کا واقعہ پیش آیا ہے جہاں سماجوادی پارٹی کے ایک لیڈر کا گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ اس واقعہ میں ایک دیگر شخص کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے جس کا علاج چل رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کے روز نگوہی تھانہ حلقہ کے تحت سماجوادی پارٹی لیڈر کے گاؤں میں ہی کچھ لوگوں نے ان پر حملہ کر دیا۔
پولیس نے اس واقعہ کے تعلق سے بتایا کہ مہلوک کی شناخت وکرم پور چکورا گاؤں کے سدھیر کمار اور سماجوادی پارٹی کے بوتھ سربراہ کی شکل میں ہوئی ہے۔ زخمی شخص کا نام سنیل ہے۔ ملزمین کی شناخت ایک ہی گاؤں کے انتو اور سرویش کی شکل میں ہوئی۔
سٹی پولیس سپرنٹنڈنٹ سنجے کمار کا کہنا ہے کہ ملزمین کی تلاش شروع کر دی گئی ہے اور دونوں کو جلد ہی گرفتار کر لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پیر کے روز فرضی ووٹنگ کو لے کر پولنگ کے دوران مہلوک اور ملزم کے درمیان تنازعہ ہو گیا تھا۔ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ اس رنجش کی وجہ سے سماجوادی پارٹی لیڈر کی جان چلی گئی۔ بہرحال، پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہے اور ملزمین کو جلد گرفتار کیے جانے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔