’’یوگی حکومت نفرت کی تخم ریزی میں مشغول‘‘

اجے للو نے کہا کہ جمہوریت کی راہ میں کانٹے ڈالنے اور آئین کی روح کا قتل کرنے والی بی جے پی کے اقتدار میں بے روزگاری ،مہنگائی و گھپلے بازی کا کالا کاروبار پھل پھول رہا ہے۔

اجے کمار للو، تصویر یو این آئی
اجے کمار للو، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

لکھنؤ: اترپردیش کانگریس کے صدر اجے کمار للو نے یوگی حکومت پر نفرت کی تخم ریزی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی یوگی حکومت میں عوام خوف، بھوک اور بدعنوانی کے مسائل سے کراہ رہے ہیں لیکن حکومت رفاہی ریاست کے خواب کو پورا کرنے کے بجائے پولس کی طاقت پر عوام اشتعال کو دبانے اور فرضی مقدمے لکھ کر جیل بھیجنے میں مشغول ہے۔

اجے للو نے ہفتہ کے روز دعوی کیا کہ نظم ونسق سے لے کر صنعتی ترقی تک حکومت ہر محاذ پر ناکام ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’گزشتہ سال جرائم اور جرائم پیشہ افراد کے نام رہا۔چھوٹی بچیوں کے ساتھ بھی عصمت دری، اجتماعی عصمت دری، درندگی کے ساتھ قتل کے واقعات نے انسانیت کو شرمسار کیا ہے۔‘‘


یو پی کانگریس صدر نے کہا کہ یوپی میں صنعتی ترقی پوری طرح ٹھپ ہے۔ انویسٹر سمٹ کے نام پر عوام کے سرکاری دولت کو غلط استعمال کیا گیا۔ ایک بھی کاروبار زمین پر حتمی شکل نہیں لے سکے۔ کورونا بحران میں حکومت کے اعلانات صرف کاغذی دستاویز ثابت ہوئے۔ کورونا کے نام پر عوام الناس کے ساتھ ناروا سلوک ہوتا رہا۔ اور حکومت اسپتالوں میں بہتر سہولیات کی فراہمی کے دعوی کے ساتھ پی پی ای گھپلہ کرتی رہی۔

ریاستی کانگریس صدر نے کہا کہ تینوں کالے قوانین کے خلاف سراپا احتجاج کسانوں کی ہراسانی اترپردیش میں یہاں تک بڑھ گئی ہے کہ تحریک میں شامل ہونے پر انہیں ملک مخالف مقدموں میں فرضی طریقے سے پھنسایا اور بھاری جرمانے کا نوٹس بھیجا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی راہ میں کانٹے ڈالنے و آئین کی روح کا قتل کرنے والی بی جے پی حکومت میں ریاست میں بے روزگاری ،مہنگائی و گھپلے بازی کا کالا کاروبار پھل پھول رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔