یوپی بورڈ 12ویں امتحان کا انگریزی پرچہ بلیا سے ہوا لیک، ڈی آئی او ایس معطل

انگریزی پیپر لیک معاملے کی جانچ اتر پردیش ایس ٹی ایف کو سونپ دی گئی ہے، شروعاتی جانچ میں بلیا سے پیپر لیک ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

امتحان، علامتی تصویر آئی اے این ایس
امتحان، علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

اتر پردیش بورڈ انٹرمیڈیٹ کے طلبا آج انگریزی کا امتحان دینے کے لیے مکمل تیاری کر چکے تھے، لیکن اچانک خبر آئی کہ پرچہ لیک ہو گیا ہے جس کی وجہ سے امتحان رد کر دیا گیا۔ 30 مارچ کو دوسری شفٹ میں ہونے جا رہا انگریزی کا امتحان 275 مراکز پر ہونا تھا جسے منسوخ کیا گیا۔ امتحان کے لیے نئی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انگریزی کا پرچہ بلیا سے لیک ہوا ہے۔ اس تعلق سے بلیا کے ڈی آئی او ایس کو معطل کر دیا گیا ہے۔ اے سی ایس سیکنڈری ایجوکیشن آرادھنا شکلا نے کہا ہے کہ اس معاملے کی جانچ کرائی جائے گی۔

انگریزی پیپر لیک معاملے کی جانچ اتر پردیش ایس ٹی ایف کو سونپ دی گئی ہے۔ شروعاتی جانچ میں بلیا سے پیپر لیک ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ اے سی ایس ہوم اونیش اوستھی نے بلیا کے ضلع مجسٹریٹ اور ایس پی سے پیپر لیک معاملے کی تفصیلی رپورٹ مانگی ہے۔


واضح رہے کہ اعظم گڑھ بلیا ضلع میں انگریزی کا پیپر لیک ہونے پر اعظم گڑھ کے سبھی امتحان مراکز پر امتحان منسوخ کیا گیا ہے۔ سبھی سنٹر مجسٹریٹ کو اس کی اطلاع دے دی گئی، جس کے بعد 24 اضلاع میں دوپہر کی شفٹ میں ہونے والے امتحان رد کرنے کا حکم جاری کیا گیا۔ اس کی جانکاری ضلع مجسٹریٹ راج کمل یادو نے دی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ 24 اضلاع کے امتحان مراکز کے علاوہ دیگر سبھی اضلاع میں دوسری شفٹ کے امتحان طے وقت پر ہی منعقد کیے جانے کا فیصلہ کیا گیا۔ بورڈ نے جاری نوٹس میں کہا ہے کہ رد ہوئے 24 اضلاع کے امتحان کے لیے نئی تاریخ کا اعلان جلد ہی کیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔