تہواروں کے موسم میں مہنگائی پر بی جے پی حکومت خاموش: پرینکا گاندھی

پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ کر کے لکھا ہے کہ پورے اتر پردیش میں تہواروں کے موسم میں مہنگائی عام لوگوں پرقہر بن کر ٹوٹ پڑی ہے۔ لیکن جھوٹی تشہیر پر کروڑوں روپے خرچ کرنے والی بی جے پی حکومت خاموش ہے۔

پرینکا گاندھی، تصویر آئی این سی
پرینکا گاندھی، تصویر آئی این سی
user

قومی آواز بیورو

کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بی جے پی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہوار وں کے اس موسم میں مہنگائی نے عام لوگوں کو پریشان کر دیا ہے۔ انہوں ٹوئٹ کرکے لکھا ہے کہ ’’پورے اتر پردیش میں تہواروں کے موسم میں مہنگائی عام لوگوں پرقہر بن کر ٹوٹ پڑی ہے۔ سبزیوں کے دام آسمان چھو رہے ہیں۔ کام دھندے پہلے سے ٹھپ ہیں۔ لیکن کروڑوں روپے جھوٹی تشہیر پر خرچ کرنے والی بی جے پی حکومت عوام کی پریشانیوں پر خاموش ہے۔‘‘

پرینکاگاندھی نے اپنے اس ٹوئٹ کےساتھ سبزیوں کی قیمتیں بھی ٹوئٹ کی ہیں۔ واضح رہے کورونا وبا کی وجہ سے بڑی تعداد میں لوگ بے روزگار ہوگئے ہیں اور کئی ماہ سے کاروبار نہ ہونے کی وجہ سے کاروباری لوگ بھی پریشان ہیں ایسے میں بڑھتی مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔


سیاسی مبصرین کی رائے ہے کہ تہواروں کےاس موسم کا ذکر کرتے ہوئے کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نےجس تشویش کا اظہار کیا ہے اس کو حکومت کو سنجیدگی سے لینا چاہیے۔ واضح رہے جس تشہیر کا پرینکا گاندھی نے ذکر کیا ہے وہ اترپردیش حکومت کے ذریعہ چلائی جارہی تشہیر ہے، جس پر حکومت کے کروڑوں روپے خرچ ہو رہے ہیں۔ یہ تشہیر ٹی وی اور اخباروں کے ذریعہ چلائی جا رہی ہے۔

واضح رہے گزشتہ کچھ دنوں سےملک کے کئی حصوں میں سبزیوں کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں اور یہ قیمتیں عوام کے لئے بڑا مسئلہ بن کر سامنے آئی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔