یوپی اسمبلی انتخابات: بی ایس پی کی نئی فہرست جاری، کندرکی سے محمد رضوان اور نواب گنج سے یوسف خان امیدوار

بی ایس پی نے دو سیٹوں پر اپنے امیدواروں کو تبدیل کر دیا ہے، جبکہ چار نئی سیٹوں پر امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔ نئی فہرست میں سب سے زیادہ توجہ بریلی ضلع پر مرکوز کی گئی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

لکھنؤ: اتر پردیش میں اسمبلی انتخابات کے دوران بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) نے جمعرات کو اپنے چھ امیدواروں کی فہرست جاری کی ہے۔ بی ایس پی نے دو سیٹوں پر اپنے امیدواروں کو تبدیل کر دیا ہے، جبکہ چار نئی سیٹوں پر امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔ نئی فہرست میں سب سے زیادہ توجہ بریلی ضلع پر مرکوز کی گئی ہے۔

چار اضلاع کی چھ اسمبلی سیٹوں کے لیے جاری فہرست میں بی ایس پی نے مول چندر چوہان کو بجنور ضلع کی دھام پور سیٹ کے لیے امیدوار بنایا ہے۔ پہلے اس سیٹ سے کمال احمد کو امیدوار بنایا گیا تھا۔ وہیں مراد آباد ضلع کی کندرکی سیٹ پر بھی پہلے طے کئے گئے امیدوار حاجی چاند بابو کی جگہ اب محمد رضوان کو بی ایس پی کا امیدوار بنایا گیا ہے۔


بی ایس پی نے اس کے علاوہ بریلی ضلع کی نواب گنج سیٹ سے یوسف خان، فرید پور (محفوظ) سیٹ سے شالنی سنگھ اور بریلی سیٹ سے برہمانند شرما کو امیدوار قرار دیا ہے۔ اس کے علاوہ چندرکیتو موریہ شاہجہاں پور ضلع کی ددرول سیٹ پر بی ایس پی کے امیدوار ہوں گے۔

بی ایس پی کی ترمیم شدہ فہرست کو پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری میوالال گوتم نے جاری کیا ہے اور مایاوتی نے ٹوئٹر ہینڈل پر بھی اس کا اشتراک کیا ہے۔ بی ایس پی نے اس فہرست میں جن 6 سیٹوں پر امیدوار طے کئے ہیں ان تمام سیٹوں پر دوسرے مرحلہ میں پولنگ ہوگی۔

یو این آئی ان پٹ کے ساتھ

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔