یوپی اسمبلی انتخابات: جینت چودھری کی جاٹ مسلم یکجہتی کو پھر زندہ کرنے کی کوشش

جینت چودھری کی نظریں اپنے روایتی ووٹ بینک جاٹ، کسان اور مسلم طبقہ کی طرف مرکوز ہیں۔ سات اکتوبر سے انہوں نے جن علاقوں میں جلسے کرنے کی حکمت عملی بنائی ہے، وہاں پر جاٹ اور مسلم ووٹر اہم ہیں۔

جینت چودھری کی فائل تصویر / تصویر قومی آواز
جینت چودھری کی فائل تصویر / تصویر قومی آواز
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: مظفرنگر فسادات کے سبب راشٹریہ لوک دل (آر ایل ڈی) کی کھوئی ہوئی زمین کو دوبارہ حاصل کرنے کے لئے پارٹی سربراہ جینت چودھری ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ اسی ضمن میں جہاں انہوں نے اکھلیش یادو کے ساتھ اتحاد کر کے انتخابی میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے، وہیں وہ مغربی یوپی میں جاٹ-مسلم یکجہتی کو بھی از سر نو مضبوط بنانے کے لئے کوششیں کر رہے ہیں۔

جینت چودھری اگلے مہینے یعنی اکتوبر کی 7 تاریخ کو ہاپوڑ کے نورپور میں پہلے جلسہ عام سے خطاب کر کے آئندہ اسمبلی انتخابات کے لئے بگل بجائیں گے۔ اسی دن شام کو علی گڑھ کے خیر میں جلسہ عام سے خطاب کریں۔ مغربی یوپی میں آر ایل ڈی کے ان انتخابی جلسوں کا سلسلہ 30 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ اس دوران جینت چودھری 23 دنوں میں 17 جلسوں سے خطاب کریں گے۔


دراصل، مظفرنگر فسادات کے بعد آر ایل ڈی کی مقبولیت میں کافی کمی آئی تھی، تاہم اب کسان تحریک کے دوران جینت چودھری کی پارٹی کو پھر سے تمام طبقات کی حمایت حاصل ہونے لگی ہے۔ آر ایل ڈی کی جیت میں کبھی اہم کردار ادا کرنے والے مسلمان بھی اب ان کے جلسوں میں نظر آ رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ جینت چودھری پرجوش ہو کر میدان میں اتر رہے ہیں۔

جینت چودھری 7 اکتوبر کو ہاپوڑ کے نورپور اور علی گڑھ کے خیر میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ اسی طرح 11 اکتوبر کو مظفرنگر اور بجنور کے چاندپور میں، 13 اکتوبر کو ہاتھرس کے سعدآباد، بلند شہر، 16 اکتوبر کو سہارنپور اور غازی آباد کے مراد نگر، 18 اکتوبر کو شاملی کے تھانہ بھون اور میرٹھ کے سوال خاص، 20 اکتوبر کو امروہہ، نوئیڈا کے جیور میں، 25 اکتوبر کو آگرہ کے فتح پور سیکری، متھرا کے گووردھن، 27 اکتوبر کو رامپور کے بلاسپور اور مرادآباد کے کانٹھ میں، جبکہ 30 اکتوبر کو باغپت کے بڑوت میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔


جینت چودھری کی نظریں اپنے روایتی ووٹ بینک جاٹ، کسان اور مسلم طبقہ کی طرف مرکوز ہیں۔ سات اکتوبر سے انہوں نے جن علاقوں میں جلسے کرنے کی حکمت عملی بنائی ہے، وہاں پر جاٹ اور مسلم ووٹر اہم ہیں۔ آر ایل ڈی اس انتخابات میں تمام طبقات کا نعرہ لے کر چل رہی ہے وہیں کسانوں کے مسئلہ کو لے کر سیاسی ایجنڈہ سیٹ کر رہی ہے۔

زرعی قوانین کے خلاف جاری تحریک کے پیش نظر مغربی یوپی کے تبدیل شدہ ماحول میں ہونے جا رہے آئندہ اسمبلی انتخابات میں آر ایل ڈی اپنے لئے اہم مواقع تلاش کر رہی ہے۔ کسانوں کو مائل کرنے کے لئے آر ایل ڈی دہلی کے غازی پور بارڈر پر تحریک چلا رہے کسانوں سے تبادلہ خیال کر کے انتخابی منشور تیار کر رہی ہے۔ زرعی قوانین کو منسوخ کرنے اور کسانوں کے گنّے کی قیمت میں اضافہ جیسے مسائل اہم ہوں گے۔


آر ایل ڈی مغربی یوپی کی 40 سے 50 سیٹوں پر امیدوار اتارنے کی تیاری کر رہی ہے۔ جینت چودھری کا پورا زور جاٹ-مسلم اتحاد پر ہے۔ اس کے علاوہ دیگر دَلوں کو بھی ساتھ لینے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ آر ایل ڈی جاٹ-مسلم یکجہتی کے لئے ’بھائی چارہ‘ زندہ آباد پروگرام چلا رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔