یوپی اسمبلی انتخابات: بی جے پی کا منشور جاری، دو ایل پی جی سلنڈر، اسکوٹی اور کسانوں کو مفت بجلی دینے کا وعدہ
بھارتیہ جنتا پارٹی نے یوپی اسمبلی انتخابات 2022 کے لیے اپنا منشور جاری کر دیا ہے، جسے ’لوک کلیان سنکلپ پترا 2022‘ کا نام دیا گیا ہے
لکھنؤ: بھارتیہ جنتا پارٹی نے آج اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے لیے اپنا انتخابی منشور جاری کر دیا۔ بی جے پی نے اپنے منشور کا نام ’لوک کلیان سنکلپ پترا 2022‘ رکھا ہے۔ سابق قومی صدر اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے ہمراہ بی جے پی کا منشور جاری کیا۔ منشور کے ساتھ بی جے پی نے 'کر کے دکھایا ہے' کے نام سے ایک نیا انتخابی گانا بھی لانچ کیا۔ اس میں ’کر کے دکھائے گا، بی جے پی آئے گی‘ لائن بھی موجود ہے۔
بی جے پی کے منشور کے جاری ہونے کے بعد یوگی نے کہا کہ یہ 25 کروڑ لوگوں کی زندگی میں تبدیلی لانے کا منشور ہے۔ انہوں نے کہا، ’’5 سال پہلے بھی ہم نے وزیر اعظم مودی کی قیادت میں عہدہ نامہ (منشور) پیش کیا تھا۔ ان وعدوں کو ہم نے منتر بنا کر، جو کہا تھا وہ کر کے دکھایا۔ آگے جو بولیں گے وہ بھی کر کے دکھائیں گے۔‘‘
یوگی نے کہا کہ اب یوپی میں دھوم دھام کے ساتھ کانوڑ یاترا نکالی جاتی ہے۔ سلامتی اور امن و امان کو بھی بہتر کیا گیا ہے۔ یوگی نے کہا کہ ڈبل انجن والی حکومت میں ہر کسان، غریب، خواتین کو بلا امتیاز فائدہ پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : ملک میں ایک دن میں کورونا وائرس سے 1188 مریضوں کی ہلاکت
بی جے پی کے منشور میں کئے گئے وعدے
کسانوں کو سینچائی کے لیے مفت بجلی
پانچ ہزار کروڑ کی لاگت سے زرعی سینچائی اسکیم
پچیس ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری کے ساتھ سردار پٹیل ایگری انفراسٹرکچر مشن
آلو، ٹماٹر، پیاز جیسی تمام فصلوں کی کم از کم قیمت دینے کے لیے ایک ہزار کروڑ روپے
گنے کے کاشتکاروں کو 14 دنوں کے اندر ادائیگی، تاخیر کی صورت میں سود سمیت ادائیگی
6 میگا فوڈ پارک
نشاد راج بوٹ سبسڈی اسکیم
مشن پنک ٹوئلٹ کے لیے 1000 کروڑ روپے
ہر بیوہ اور بے سہارا عورت کو 1500 روپے ماہانہ پنشن
تین نئی خواتین بٹالین
تمام عوامی مقامات اور تعلیمی اداروں میں سی سی ٹی وی کیمرے اور 3000 پنک پولیس بوتھ
یو پی ایس سی سمیت تمام سرکاری ملازمتوں میں خواتین کی تعداد کو دوگنا کریں گے
ایک کروڑ خواتین کو خود کفیل بنانے کے لیے ایک لاکھ روپے تک، کم ترین شرح پر قرض
کالج جانے والی ہر خاتون کو مفت اسکوٹی
کنیا سومنگلا یوجنا 15 ہزار سے بڑھا کر 25 ہزار کر دی گئی۔
غریب خاندانوں کی بیٹیوں کی شادی کے لیے ایک لاکھ روپے کی مالی امداد
اجولا کے تمام استفادہ کنندگان کو ہولی اور دیوالی پر 2 مفت ایل پی جی سلنڈر
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔