مہاراشٹر میں اسمبلی انتخابات کے پیشِ نظر ادھو ٹھاکرے نے کی اہم میٹنگ، ایم وی اے کی کامیابی کا رکھا ہدف
ادھو ٹھاکرے نے لوک سبھا انتخابات کے نتائج اور آئندہ اسمبلی انتخابات میں کامیابی کے حوالے سے ایک جائزہ میٹنگ منعقد کی جس میں انہوں نے ایم وی اے کے لیے 180 سیٹیں جیتنے کا ہدف رکھا ہے۔
لوک سبھا انتخابات کے نتائج کا جائزہ اور آئندہ اسمبلی انتخابات میں کامیابی کے لیے شیوسینا-یو بی ٹی کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے پارٹی لیڈروں کی آج ایک اہم میٹنگ کی۔ اس میٹنگ میں شیوسینا کے نومنتخب ممبران پارلیمنٹ اور ایم ایل ایز نیز پارٹی کے اہم عہدیداران موجود تھے۔ ادھو ٹھاکرے نے میٹنگ میں لوک سبھا کی ان تمام سیٹوں کا جائزہ لیا جہاں پارٹی کے امیدوار جیتے ہیں یا جہاں شکست سے دوچار ہونا پڑا ہے۔
اس میٹنگ میں یہ فیصلہ ہوا کہ پارٹی کے سربراہ ادھو ٹھاکرے آئندہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر مہاراشٹر کا دورہ کریں گے۔ ادھو ٹھاکرے کا دورہ کچھ دنوں بعد شروع ہوگا۔ کارکنوں کو مطلع کیا گیا ہے کہ وہ سیٹوں کی تقسیم کے بارے میں فکر نہ کریں اور پوری ریاست میں مہاوکاس اگھاڑی کو مضبوط کرنے کے کام میں جٹ جائیں۔ میڈیا میں آئی خبروں کے مطابق میٹنگ میں ادھو ٹھاکرے نے کارکنوں کے سامنے آئندہ اسمبلی انتخابات میں مہاراشٹر کی کل 288 سیٹوں میں سے 180 سیٹیں جیتنے کا ہدف رکھا ہے۔
واضح رہے کہ شیوسینا-یو بی ٹی کے لیڈر ایم ایل اے بھاسکر جادھو نے پارٹی سربراہ ادھو ٹھاکرے کے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے گزشتہ روز کہا تھا کہ یہ ادھو ٹھاکرے ہی تھے جنہوں نے کہا تھا کہ لوک سبھا انتخابات کے نتائج کے بعد بی جے پی ریاست سے تڑی پار ہو جائے گی اور وہی ہوا۔ ایم وی اے کو 30 سیٹیں ملیں اور لوگوں نے بی جے پی کا گھمنڈ توڑ دیا۔ شیوسینا-یو بی ٹی کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے ہفتہ کو بھی پارٹی عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ کی تھی۔ اس میٹنگ میں لوک سبھا انتخابات کے نتائج اور اس سال اکتوبر میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا تھا۔ ادھو ٹھاکرے نے لوک سبھا الیکشن جیتنے والے لیڈروں کو مبارکباد دی ہے اور جو نہیں جیت سکے انہیں آئندہ انتخابات کے لیے سخت محنت کرنے کی ہدایت دی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔