ٹی-20 عالمی کپ: عمان سپر-8 کی دوڑ سے باہر، اسکاٹ لینڈ نے انگلینڈ کی مشکلات میں کیا اضافہ

اسکاٹ لینڈ نے عمان کو شکست دے کر 3 میچوں میں 5 پوائنٹس حاصل کر لیے ہیں، انگلینڈ کے لیے پریشانی یہ ہے کہ وہ اپنے سبھی 2 میچ جیت بھی جاتا ہے تو 5 پوائنٹس ہی ہوں گے، یعنی فیصلہ رَن ریٹ سے ہوگا۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر @ICC</p></div>

تصویر @ICC

user

قومی آوازبیورو

ٹی-20 عالمی کپ کے ’گروپ اے‘ میچ میں جہاں ہندوستان نے پاکستان کو شکست دے کر اس کے لیے سپر-8 میں پہنچنے کی راہیں مشکل بنا دی ہیں، وہیں ’گروپ بی‘ میچ میں عمان کو شکست دے کر اسکاٹ لینڈ نے انگلینڈ کے لیے سپر-8 کا راستہ مسدود کر دیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ گروپ بی میں اسکاٹ لینڈ 3 میچوں میں 5 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے اور آسٹریلیا 2 میچوں میں 4 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے مقام پر ہے۔ عمان اپنے 3 میچ ہار کر سپر-8 کی دوڑ سے باہر ہو گئی ہے، جبکہ انگلینڈ کو 2 میچ میں 1 پوائنٹ اور نامیبیا کو 2 میچ میں 2 پوائنٹس ہیں۔ یعنی انگلینڈ اپنے اگلے دونوں میچ جیت بھی جاتا ہے تو 5 پوائنٹس ہی ہوں گے اور اسے اسکاٹ لینڈ سے اوپر پہنچنے کے لیے اپنا رَن ریٹ بہتر بنانا ہوگا۔

اسکاٹ لینڈ کا اگلا مقابلہ آسٹریلیا سے ہے۔ اسکاٹ لینڈ اگر جیت حاصل کرتی ہے تو وہ گروپ میں ٹاپ رہتے ہوئے سپر-8 میں داخل ہوگی اور یہ اب تک کا سب سے بڑا الٹ پھیر مانا جائے گا۔ اگر اسکاٹ لینڈ یہ میچ ہارتا بھی ہے تو اس کا رَن ریٹ زیادہ خراب نہیں ہوگا۔ ایسا اس لیے کیونکہ ابھی اس کا رَن ریٹ مثبت 2.164 ہے۔ ظاہر ہے ایسے میں انگلینڈ کے لیے چیزیں بہت آسان نہیں ہونے والیں۔ ابھی انگلینڈ کا رَن ریٹ منفی 1.800 ہے جس کو مثبت میں لانا ہی محال دکھائی دے رہا ہے۔ نامیبیا فی الحال انگلینڈ سے بہتر پوزیشن میں ضروری ہے، لیکن اس کو انگلینڈ اور آسٹریلیا سے کھیلنا ہے اور کوئی بڑا الٹ پھیر ہی اسے گروپ میں ٹاپ-2 تک پہنچا سکتا ہے۔


بہرحال، جہاں تک اسکاٹ لینڈ اور عمان کے میچ کا سوال ہے عمان کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ 20 اوور میں کسی طرح عمان 7 وکٹ کے نقصان پر 150 رن بنانے میں کامیاب ہوئی۔ جیت کے لیے ضروری ہدف اسکاٹ لینڈ نے محض 13.1 اوورس میں 3 وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ عمان کی طرف سے سلامی بلے باز پرتیک اتھاولے نے 40 گیندوں پر 54 رن اور ایان خان نے 39 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 41 رن کی اننگ کھیلی۔ باقی بلے بازوں نے کچھ خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔ اسکاٹ لینڈ کی طرف سے سلامی بلے باز جارج منسے نے طوفانی شروعات دی اور 20 گیندوں پر 41 رن بنا ڈالے۔ ان کے بعد برینڈن میک مولن نے آتشی تیور دکھائے اور 31 گیندوں پر 61 رنوں کی اننگ کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے۔ باقی بلے بازوں نے چھوٹی چھوٹی لیکن اہم پاریاں کھیلیں اور ٹیم کو چودہویں اوور میں ہی جیت دلا دی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔