ادے پور قتل معاملہ: ملزم کی گرفتاری کے بعد ریاست میں انٹرنیٹ سروس معطل، ایک ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ
منگل کو ادے پور میں ایک درزی کو سوشل میڈیا پر بی جے پی کی معطل ترجمان نوپور شرما کی مبینہ حمایت کرنے پر قتل کر دیا گیا۔ دونوں حملہ آوروں نے واقعے کو کیمرے میں ریکارڈ بھی کیا۔
راجستھان کے ادے پور میں درزی کے بہیمانہ قتل کے بعد حکومت نے سخت کارروائی کی ہے۔ امن و امان کو مدنظر رکھتے ہوئے پورے ادے پور میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ریاست بھر میں انٹرنیٹ خدمات 24 گھنٹے کے لیے معطل کر دی گئی ہیں اور اگلے ایک ماہ کے لیے تمام اضلاع میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ درزی کنہیا لال کا پوسٹ مارٹ آج کیا جائے گا۔ ایسے میں سیکورٹی کے پورے نظام کو سخت کر دیا گیا ہے۔
منگل کو ادے پور میں ایک درزی کو سوشل میڈیا پر بی جے پی کی معطل ترجمان نوپور شرما کی حمایت کرنے کے الزام میں قتل کر دیا گیا۔ دونوں حملہ آوروں نے اس واقعے کو کیمرے میں بھی ریکارڈ کیا، ملزمان نے ایک اور ویڈیو پوسٹ میں کہا کہ انہوں نے اسلام کی توہین کا بدلہ لیا ہے۔ حکومت اور پولیس انتظامیہ فوری حرکت میں آگئی۔ قتل کے ملزمان کو منگل کو ہی گرفتار کر لیا گیا تھا۔ دونوں ملزمین کی گرفتاری پر راجستھان کے سی ایم اشوک گہلوت نے کہا تھا کہ کیس آفیسر اسکیم کے تحت معاملے کی جانچ کی جائے گی اور مجرموں کو سخت سزا دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : ادے پور واقعہ کے پیش نظر بھیلواڑہ ضلع میں حکم امتناعی نافذ
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے اس وحشیانہ قتل پر سخت ردعمل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں ادے پور میں ہونے والے بہیمانہ قتل سے بہت صدمے میں ہوں۔ مذہب کے نام پر سفاکیت برداشت نہیں کی جا سکتی۔ اس ظلم سے دہشت پھیلانے والوں کو فوری سزا دی جائے۔ ہم سب کو مل کر نفرت کو شکست دینا ہے۔ میں سب سے اپیل کرتا ہوں کہ برائے مہربانی امن اور بھائی چارہ برقرار رکھیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔