یومِ جمہوریہ تقریب میں بطور خاص مہمان شرکت کریں گی وارانسی کی 2 صفائی اہلکار روشنی اور کملاوتی
روشنی اور کملاوتی اترپردیش کی ان 101 صفائی ملازمین کی فہرست میں شامل ہیں جنہیں اس بار یومِ جمہوریہ کے موقع پر مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے مدعو کیا گیا ہے۔
نئی دہلی: 26 جنوری یعنی یوم جمہوریہ کے موقع پر دہلی میں منعقد ہونے والے قومی پروگرام میں اس بار وزیر اعظم مودی کے پارلیمانی حلقہ وارانسی سے دو خواتین خاکروب یعنی صفائی اہلکار کو بطور مہمان خصوصی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ دراصل مہمانان خصوصی میں اترپردیش سے 101 صفائی اہلکار ہوں گے، جن میں سے وارانسی کی دو خاتون صفائی اہلکار روشنی اور کملاوتی بھی ہیں۔
ذہن میں یہ سوال پیدا ہونا لازمی ہے کہ جب اترپردیش سے 101 صفائی اہلکار اس تقریب میں بطور خاص مہمان شامل ہو رہے ہیں تو ان 2 خواتین کی خصوصی تشہیر کیوں کی جا رہی ہے؟ دراصل روشنی اور کملاوتی کا وزیر اعظم مودی کے پارلیمانی حلقہ وارانسی سے تعلق ہے اور یہ دونوں خاص تحفہ لے کر دہلی پہنچ چکی ہیں۔ یومِ جمہوریہ کی تقریب میں شرکت کے دعوت نامے سے ان صفائی ملازمین کے ساتھ ان کے اہلِ خانہ بھی کافی خوش ہیں۔ روشنی اور کملاوتی بنارس سے رکن پارلیمنٹ اور وزیر اعظم مودی کے لیے خاص تحفہ لے کر دہلی آئی ہیں۔ اترپردیش حکومت کی جانب سے خصوصی مہمانان کی فہرست میں شامل ان خواتین کے لیے دہلی میں ٹھہرنے کے خاص انتظامات کیے گئے ہیں۔
وارانسی کے میونسپل ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر این پی سنگھ کا اس کے متعلق کہنا ہے کہ دہلی میں ان خواتین کے رہنے، کھانے پینے کا پورا انتظام کیا گیا ہے۔ یوپی حکومت کی جانب سے مہمانان خصوصی کے طور پر 26 جنوری کے پریڈ میں یہ دونوں خاکروب خواتین شامل رہیں گی۔ بنارس کی صفائی ملازمہ روشنی درگا کنڈ کی رہنے والی ہیں جو وزیر اعظم کے لیے بنارسی شال لائی ہیں، جبکہ کملاوتی ساکیت نگر کی رہنے والی اور وہ پی ایم مودی کو ’رام چرت مانس‘ بطور تحفہ دیں گی۔ یہ دونوں خواتین پی ایم مودی کو کاشی وشوناتھ مندر کا ماڈل بھی پیش کریں گی۔
ٹین کے شیڈ والے گھر میں رہنے والی صفائی ملازمہ کملاوتی کا کہنا ہے کہ ’’پہلی بار جب مجھے میونسپل ہیلتھ آفیسر کا فون آیا تو مجھے اس پر یقین نہیں ہوا۔ مجھے اس طرح بلائے جانے سے گھر والے اور آس پاس کے لوگ بہت خوش ہیں۔‘‘ دوسری طرف روشنی کہتی ہیں کہ ’’مجھے پہلی بار ایسے پروگرام میں جانے کا موقع ملا ہے۔ ہم صرف ٹی وی پر ہی پریڈ دیکھا کرتے تھے، لیکن اس بار ہمیں شرکت کا موقع ملا ہے اور وہ بھی مہمان خصوصی کی حیثیت سے۔ اس سے ہمارا پورا خاندان بہت خوش ہے۔ ہم نے سوچا بھی نہیں تھا کہ محنت کرنے والوں کو ایسی عزت ملے گی۔‘‘ روشنی کے شوہر شیو پرساد بھی ان کے ساتھ دہلی پہنچے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم سماج کے سب سے نچلے طبقے سے آتے ہیں۔ اگر کوئی ہمارے بارے میں سوچ رہا ہے تو اس سے بڑی بات کیا ہو گی۔ یہ ہماری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔