کولگام تصادم اختتام پذیر جیش سے وابستہ دو پاکستانی ملی ٹنٹ ہلاک: آئی جی کشمیر

موصوف ترجمان کے مطابق کچھ عرصے تک جاری رہنے والی اس جھڑپ میں دو ملی ٹینٹ مارے گئے جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔

وجے کمار، تصویر یو این آئی
وجے کمار، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: جنوبی ضلع کولگام کے مرہامہ گاوں میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹنٹوں کے مابین تصادم میں دو پاکستانی ملی ٹنٹ مارے گئے۔ آئی جی کشمیر وجے کمار نے بتایا کہ مہلوک پاکستانی ملی ٹینٹ سال 2018 سے کولگام اور شوپیاں اضلاع میں سرگرم تھے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ ہفتے کے روز حفاظتی عملے کو یہ اطلاع موصول ہوئی کہ ملی ٹینٹ جنوبی ضلع کولگام کے مرہامہ گاوں میں چھپے بیٹھے ہیں تو پولیس اور سیکورٹی فورسز نے مشترکہ طورپر فوراً اس علاقے کو محاصرے میں لے کر اُنہیں ڈھونڈ نکالنے کے لئے کارروائی شروع کی۔

ترجمان نے بتایا کہ فرار ہونے کے تمام راستے مسدود پا کر ملی ٹنٹوں نے حفاظتی عملے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی چنانچہ سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا اوراس طرح سے طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوگئی۔ موصوف ترجمان کے مطابق کچھ عرصے تک جاری رہنے والی اس جھڑپ میں دو ملی ٹینٹ مارے گئے جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔


دریں اثنا آئی جی کشمیر وجے کمار نے بتایا کہ مرہامہ کولگام تصادم میں جیش سے وابستہ دو پاکستانی ملی ٹینٹ مارے گئے۔ انہوں نے مہلوکین کی شناخت سلطان پٹھان اور ذبیح ﷲ ساکنان پاکستان کے بطور ہوئی ہے۔ آئی جی کشمیر نے مزید کہا کہ دونوں سال 2018 سے شوپیاں اور کولگام بیلٹ میں سرگرم تھے اور اُن کی ہلاکت سیکورٹی ایجنسیوں کے لئے بہت بڑی کامیابی ہے۔

علاوہ ازیں پولیس نے عوام سے پر زور اپیل کی ہے کہ وہ جائے تصادم پر جانے سے تب تک گریز کیا کریں جب تک اسے پوری طرح سے صاف قرار نہ دیا جائے، کیونکہ پولیس اور دیگر سلامتی ادارے لوگوں کے جان و مال کی محافظ ہیں لہذا لوگوں کی قیمتی جانوں کو بچانے کے لئے پولیس ہر ممکن کوشش کرتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔