’پونے میں مندر کی زمین پر دو درگاہیں بنائی گئیں‘، راج ٹھاکرے کی پارٹی کا دعویٰ
ایم این ایس جنرل سکریٹری نے کہا کہ خلجی نسل کے حاکم علاء الدین خلجی کے ایک کمانڈر نے پونے میں پونیشور اور نارائنیشور مندر کو منہدم کر دیا تھا، اور بعد میں ان کی زمینوں پر درگاہوں کی تعمیر کی گئی تھی۔
ایک طرف گیان واپی مسجد کو لے کر تنازعہ عروج پر ہے، اور دوسری طرف راج ٹھاکرے کی پارٹی ایم این ایس (مہاراشٹر نونرمان سینا) نے دعویٰ کیا ہے کہ مہاراشٹر کے پونے شہر میں پونیشور مندر کی زمین پر دو درگاہیں بنائی گئی ہیں۔ ایم این ایس جنرل سکریٹری اجئے شندے نے اتوار کے روز اس تعلق سے ایک بیان دیا، جس میں کہا کہ انھوں نے پونیشور مکتی (مندر کی زمین حصولی) مہم شروع کی ہے اور لوگوں سے مندر کی زمین کو بحال کرنے میں راج ٹھاکرے کی قیادت والی پارٹی کی لڑائی کی حمایت کرنے کی اپیل کی ہے۔
گیان واپی مسجد کے حالیہ سروے کا حوالہ دیتے ہوئے شندے نے کہا کہ ہندوتوا پر راج ٹھاکرے کے رخ کے مدنظر حکومت نے بیدار ہونا شروع کر دیا ہے۔ گیان واپی کی طرح ہم بھی پونے کے پونیشور مندر کے لیے لڑ رہے ہیں۔ شندے نے دعویٰ کیا کہ خلجی نسل کے حاکم علاء الدین خلجی کے ایک کمانڈر نے پونے میں پونیشور اور نارائنیشور مندر کو منہدم کر دیا تھا، اور بعد میں اس کی زمینوں پر درگاہوں کی تعمیر کی گئی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔