سچائی کو بیریکیڈ نہیں کیا جا سکتا، میں وزیر اعظم سے نہیں ڈرتا: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے ٹوئٹر پر لکھا ’’سچائی کو بیریکیڈ نہیں کیا جا سکتا۔ کر لیں جو کرنا ہے، میں وزیر اعظم سے نہیں ڈرتا، میں ہمیشہ ملک کے مفاد میں کام کرتا رہوں گا۔ سن لو اور سمجھ لو۔‘‘

راہل گاندھی / ویڈیو گریب
راہل گاندھی / ویڈیو گریب
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: مہنگائی، بے روزگاری اور اشیائے خوردونوش پر عائد کی گئی جی ایس ٹی کے خلاف 5 اگست کو کانگریس کی جانب کئے جانے والے احتجاج سے قبل پارٹی کے دفتر اور لیڈران کی رہائشوں پر بھاری تعداد میں پولیس اور سیکورٹی فورسز کی تعیناتی اور رکاوٹیں کھڑی کرنے کے درمیان کانگریس کے لیڈر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی سے نہیں ڈرتے اور سچائی کو بیریکیڈ نہیں کیا جا سکتا۔

راہل گاندھی نے ٹوئٹر پر لکھا ’’سچائی کو بیریکیڈ نہیں کیا جا سکتا۔ کر لیں جو کرنا ہے، میں وزیر اعظم سے نہیں ڈرتا، میں ہمیشہ ملک کے مفاد میں کام کرتا رہوں گا۔ سن لو اور سمجھ لو۔‘‘ اس ٹوئٹ کے ساتھ راہل گاندھی نے اپنی ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے جس میں وہ صحافیوں سے کہہ رہے ہیں ’’ہم مشتعل نہیں ہوں گے۔ ہم نریندر مودی سے نہیں ڈرتے ہیں۔ کر لیں جو کرنا ہے۔ کچھ فرق نہیں پڑے گا۔ میرا کام ہے ملک کی حفاظت کرنا، جمہوریت کی حفاظت کرنا، ملک کی ہم آہنگی کو برقرار رکھنا اور میں اپنا کام کرتا رہوں گا۔‘‘


خیال رہے کہ گزشتہ شام دہلی پولیس نے کانگریس پارٹی کو ایک نوٹس بھیج کر اطلاع دی ہے کہ کانگریس نے 5 اگست کو عوامی مسائل کے خلاف جو دھرنا، احتجاج اور صدارتی محل تک مارچ نکالنے کا منصوبہ بنایا ہے اسے اجازت نہیں دی گئی ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی لیڈر اجے ماکن نے کہا کہ حکومت صرف اور صرف اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کے لئے ایسے حربوں کا استعمال کر رہی ہے اور کانگریس لیڈران کی گھیرابندی کر رہی ہے۔

کانگریس کا اعلان ہے کہ مودی حکومت جو چاہے کر لے لیکن 5 اگست کو کانگریس پارٹی کی جانب سے ملک گیر احتجاج ضرور کیا جائے گا۔ اجے ماکن نے کہا کہ انہیں جیل میں ہی کیوں نہ بند کر دیا جائے، پارٹی نے جو پروگرام طے کیا ہے اس پر پوری طرح عمل کیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔