نینسی پیلوسی کے تائیوان دورے کے بعد چین نے فوجی مشقوں کا کیا اعلان
چین نے کہا ہے کہ یہ مشق دنیا کے چند مصروف ترین آبی گزرگاہوں پر ہوگی اور اس میں "طویل فاصلے تک گولہ بارود کی شوٹنگ" شامل ہوگی۔
بیجنگ: چین تائیوان کے آس پاس کے سمندروں میں فوجی مشق کی تیاری میں مصروف ہے۔ امریکی پارلیمنٹ کی اسپیکر نینسی پیلوسی تائیوان کے ایک مختصر لیکن متنازعہ دورے کے بعد بدھ کو یہاں سے روانہ ہوگئیں۔ اس سے قبل چین نے پیلوسی کو تائیوان کا سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔
چین نے جمعرات سے تائیوان کے آس پاس کے سمندروں میں پانچ روزہ فوجی مشقوں کا اعلان کیا ہے۔ چین نے کہا ہے کہ یہ مشق دنیا کے چند مصروف ترین آبی گزرگاہوں پر ہوگی اور اس میں "طویل فاصلے تک گولہ بارود کی شوٹنگ" شامل ہوگی۔ امریکہ پر نام نہاد جمہوریت کی آڑ میں چین کی خود مختاری کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے ہوئے چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے خبردار کیا ہے کہ آگ سے کھیلنے والوں کا انجام اچھا نہیں ہوگا اور چین کو نقصان پہنچانے والوں کو سزا دی جائے گی۔
نینسی پیلوسی نے تائیوان کے دورے کے بعد ایک بیان میں کہا کہ چین عالمی رہنماؤں یا کسی کو بھی اس کی خوشحال جمہوریت کا احترام کرنے اور کامیابیوں کو اجاگر کرنے اور مسلسل تعاون کے ہمارے عزم کی تصدیق کرنے کے لئے تائیوان کا دورہ کرنے پر روک نہیں لگا سکتا۔
دریں اثنا تائیوان کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ 27 چینی جنگی طیارے پہلے ہی اس کے فضائی دفاعی علاقے میں داخل ہو چکے ہیں۔ تائیوان نے جہازوں کو مشق سے بچنے کے لیے متبادل راستے تلاش کرنے کو کہا ہے اور متبادل ہوابازی کے راستے تلاش کرنے کے لیے ہمسایہ ممالک جاپان اور فلپائن کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے۔ تائیوان کے صدر تسائی انگ وین نے کہا کہ ان کا ملک "جان بوجھ کر بڑھے ہوئے فوجی خطرات" کا سامنا کر رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔