اڈیشہ: ٹرک پلٹنے سے 6 لوگوں کی موت، 9 افراد سنگین طور پر زخمی، وزیر اعلیٰ پٹنایک نے معاوضہ کا کیا اعلان
میوربھنج میں پیش آئے حادثہ پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نوین پٹنایک نے سبھی مہلوکین کے کنبوں کو 3-3 لاکھ روپے پر مشتمل معاوضہ کی رقم دینے کا اعلان کیا ہے۔
اڈیشہ واقع میوربھنج ضلع کے قومی شاہراہ-49 پر دھرسنی گھاٹ علاقہ میں بدھ کو ایک خوفناک سڑک حادثے میں ایک ٹرک بے قابو ہو کر پلٹ گیا۔ اس حادثہ میں 6 لوگوں کی موت ہو گئی اور 9 افراد سنگین طور پر زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو بارپدا کے میڈیکل کالج اینڈ ہاسپیٹل میں داخل کرایا گیا ہے، جبکہ معمولی طور سے زخمی ایک شخص کا بنگیریپوسی کے ایک مقامی اسپتال میں علاج چل رہا ہے۔
اس حادثے پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نوین پٹنایک نے سبھی مہلوکین کے کنبوں کو 3-3 لاکھ روپے پر مشتمل معاوضہ کی رقم دینے کا اعلان کیا ہے۔ انھوں نے افسران کو زخمی اشخاص کے لیے مناسب علاج کا انتظام کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔ انھوں نے حادثے کے شکار لوگوں کے کنبوں کو ہر ممکن مدد کی بھی ہدایت دی ہے۔
باریپدا صدر کے سَب ڈویژنل پولیس افسر سجیت کمار پردھان نے کہا کہ دھولی گن ناٹیہ پلے گروپ کا ٹرک رائے رنگ پور سے جلیشور جا رہا تھا۔ ابھی تک ہمیں پتہ چلا ہے کہ ٹرک میں تقریباً 16 افراد سوار تھے۔ صبح تقریباً 10.45 بجے وادی میں گاڑی حادثہ کا شکار ہو گیا۔ اب تک 6 لوگوں کی موت ہوئی ہے، جبکہ دو دیگر کی حالت سنگین ہے۔ ہم نے اس افسوسناک حادچہ کے پیچھے کی اصل وجہ جاننے کے لیے جانچ شروع کر دی ہے۔
مقامی ذرائع نے کہا کہ لوگ بالاسور ضلع کے جلیشور واقع سولاپاٹا علاقہ کی طرف جا رہے تھے۔ لائٹ اینڈ ساؤنڈ سسٹم لے جا رہے ٹرک کے ڈرائیور نے اچانک گاڑی سے کنٹرول گنوا دیا۔ گاڑی روڈ کے کنارے فٹ پاتھ سے ٹکرانے کے بعد 20 فیٹ گہرے گڈھے میں گر گئی۔ حادثے کے وقت ٹرک میں دھولی گن ناٹیہ پلے گروپ کے ایک درجن سے زیادہ افراد سفر کر رہے تھے۔ خبر ملنے پر پولیس اور فائر بریگیڈ سروس اہلکار موقع پر پہنچے۔ انھوں نے زخمیوں کو بچایا اور لاش برآمد کر آگے کی کارروائی شروع کر دی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔