پی ایم مودی نے مرکزی وزراء کو فی الحال رام مندر نہ جانے کا دیا مشورہ، آئیے جانیں اس کی وجہ
کابینہ میٹنگ میں وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے پران پرتشٹھا تقریب کے لیے کابینہ کی طرف سے پی ایم مودی کا شکریہ ادا کیا، اس دوران پی ایم کے ساتھ ساتھ کابینہ کے سبھی اراکین جذباتی نظر آئے۔
ایودھیا میں رام مندر پران پرتشٹھا تقریب کے بعد آج پی ایم مودی کی صدارت میں مرکزی کابینہ کی میٹنگ منعقد ہوئی۔ اس میٹنگ میں پی ایم مودی نے ایودھیا میں زیر تعمیر عظیم الشان رام مندر اور حال ہی میں ہوئی رام للا کی پران پرتشٹھا پر تبادلہ خیال کیا۔ کابینہ میٹنگ میں پی ایم مودی نے اپنے سبھی کابینہ ساتھیوں کو فی الحال رام مندر جانے سے پرہیز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
ذرائع کے حوالے سے جو خبریں سامنے آ رہی ہیں، ان میں بتایا جا رہا ہے کہ پی ایم مودی نے اپنے کابینہ ساتھیوں کو مشورہ دیا ہے کہ زبردست بھیڑ کی وجہ سے اور پروٹوکول والے وی آئی پی شخصیتوں کی وجہ سے عوام پریشانی ہوگی۔ اس ہنگامی حالت سے بچنے کے لیے مرکزی وزراء سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ مارچ میں اپنے ایودھیا دورہ کا منصوبہ بنائیں تو بہتر ہے۔
مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے آج ہوئی کابینہ میٹنگ کے تعلق سے بتایا کہ میٹنگ کے شروع میں ہی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کامیاب پران پرتشٹھا تقریب کے لیے کابینہ کی طرف سے پی ایم مودی کا شکریہ ادا کیا۔ اس دوران پی ایم مودی اور ان کے ساتھ ساتھ کابینہ کے سبھی اراکین جذباتی نظر آئے۔ رام مندر کے گربھ گرہ میں بھگوان رام کی پران پرتشٹھا پر سبھی نے اظہارِ خوشی اور اظہارِ اطمینان کیا۔
اس درمیان خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ رام مندر میں سخت سیکورٹی انتظامات کے بیچ بدھ کو بھی رام للا کا دَرشن کرنے کے لیے عقیدتمندوں کی زبرست بھیڑ دکھائی دی۔ دوپہر تک ہی تقریباً تین لاکھ لوگوں کے رام مندر پہنچنے کی اطلاع موصول ہو رہی ہے۔ بھیڑ مینجمنٹ کا انتظام دیکھ رہے ڈی جی پی (لاء اینڈ آرڈر) پرشانت کمار نے بتایا کہ کل اور آج کے انتظام میں صرف اتنی ہی تبدیلی ہے کہ ہم نے دَرشن کے لیے آنے والے بھکتوں کے لیے نیا قطار نظام نافذ کیا ہے۔ ہم نے الگ الگ قطاروں میں بہ آسانی داخل ہونے اور نکلنے کو یقینی بنانے کی کوشش کی ہے۔ حالات اب پوری طرح سے کنٹرول میں ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔