تمل ناڈو اور کرناٹک میں المناک سڑک حادثے، 8 افراد کی موت، کئی زخمی، اسٹالن کا اظہارِ افسوس

تمل ناڈو میں ہوئے حادثہ پر افسوس کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ ریاست کے وزیر اعلیٰ اسٹالن نے ہر مہلوک کے گھر والوں کو ایک ایک لاکھ روپے کا معاوضہ دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔

سڑک حادثہ، علامتی تصویر آئی اے این ایس
سڑک حادثہ، علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

تمل ناڈو اور کرناٹک میں ہوئے دو سڑک حادثات میں آج 8 افراد کی دردناک موت ہو گئی ہے۔ حادثات میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنھیں علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چنئی کے نزدیک بدھ کے روز ایک وین کی ٹکر کنٹینر ٹرک سے ہو گئی۔ اس حادثے میں 6 افراد کی موت ہو گئی اور چار دیگر زخمی ہو گئے۔ تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے حادثہ پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔

دوسری طرف کرناٹک کے کلبرگی میں ایک کار کی ٹکر کنٹینر سے ہو گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ کنٹینر میں پیچھے سے کار جا گھسی جس سے کار میں سوار دو لوگوں کی دردناک موت ہو گئی۔ مہلوکین کی شناخت سنڈگی تھانہ کے سرکل انسپکٹر روی اور ان کی بیوی مدھو کی شکل میں ہوئی ہے۔ نیلوگی تھانہ میں معاملہ درج کر تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔


بہرحال، تمل ناڈو میں ہوئے حادثہ پر افسوس کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ ریاست کے وزیر اعلیٰ اسٹالن نے ہر مہلوک کے گھر والوں کو ایک ایک لاکھ روپے کا معاوضہ دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی اسٹالن نے ایم ایس ایم ای وزیر انبرسن کو جائے حادثہ پر پہنچنے اور متاثرین کو سبھی طرح کی امداد مہیا کرانے کی ہدایت دی۔ وزیر اعلیٰ نے زخمیوں کے بہتر علاج کا حکم بھی صادر کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔