اتراکھنڈ میں دردناک حادثہ، 26 مسافروں کو لے جا رہا ٹیمپو ٹریولر ندی میں گرا، 12 افراد کی موت
اس حادثہ میں 12 مسافروں کو ریسکیو کیا گیا ہے، کچھ لوگوں کی حالت سنگین ہے، زخمیوں کو ہیلی کاپٹر سے ہائر سنٹر لے جایا گیا ہے۔
اتراکھنڈ کے رودرپریاگ میں آج اس وقت دردناک حادثہ پیش آیا جب تقریباً 26 مسافروں کو لے جا رہا ٹیمپو ٹریولر الکنندا ندی میں جا گرا۔ اس حادثہ میں کم از کم 12 افراد کی موت ہو گئی ہے اور کئی دیگر زخمی بتائے جا رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ راحت رسانی کا عمل جاری ہے اور 12 افراد کو ریسکیو کیا جا چکا ہے۔ اس میں کچھ لوگوں کی حالت سنگین ہے اور انھیں بچانے کی کوششیں جاری ہیں۔
موصولہ اطلاع کے مطابق زخمیوں کو ہیلی کاپٹر سے ہایر سنٹر لے جایا جا رہا ہے۔ گپت کاشی سے ہیلی کاپٹر رودرپریاگ پہنچا ہے اور 4 زخمیوں کو فوری طور پر ہیلی کاپٹر سے ایمس لے جایا گیا ہے۔ اب تک ملی جانکاری میں بتایا جا رہا ہے کہ رودرپریاگ شہر سے 5 کلومیٹر آگے بدری ناتھ ہائیوے پر ریتولی کے پاس ٹیمپو ٹریولر الکنندا ندی میں گرا جس کے بعد علاقے میں چیخ و پکار مچ گئی۔
اس حادثہ کی خبر ملتے ہی مقامی پولیس انتظامیہ، ضلع ڈیزاسٹر مینجمنٹ، ڈی ڈی آر ایف سمیت دیگر ٹیم موقع پر ریسکیو کے لیے پہنچ گئیں۔ ایسی بھی خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ یہاں ریلوے لائن پر کام کر رہے تین لوگ مسافروں کو بچانے کے لیے ندی میں کودے، ان میں سے ایک کی موت واقع ہو گئی ہے۔
حادثہ کی خبر ملنے کے بعد اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اظہار افسوس کیا ہے۔ انھوں نے اپنے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’ضلع رودرپریاگ میں ٹیمپو ٹریولر کے حادثہ کا شکار ہونے کی انتہائی تکلیف دہ خبر ملی۔ مقامی انتظامیہ و ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں راحت و بچاؤکاری میں مصروف ہیں۔ زخمیوں کو قریبی طبی مراکز پر علاج کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی لکھا ہے کہ ’’ضلع مجسٹریٹ کو حادثہ کی جانچ کا حکم دے دیا گیا ہے۔ اوپر والے سے دعا ہے کہ مہلوکین کی روح کو اپنے قدموں میں جگہ دے اور غمزدہ گھر والوں کو یہ تکلیف برداشت کرنے کی طاقت فراہم کرے۔ بابا کیدار سے زخمیوں کے جلد شفایاب ہونے کی دعا کرتا ہوں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔