بہار کے مظفرپور میں اندوہناک حادثہ، گھروں میں آگ لگنے سے 4 بچیاں ہلاک، کئی لوگ جھلس گئے
پولیس نے بتایا کہ تین گھروں میں آگ لگنے سے ان میں سو رہی چار بچیوں کی جھلس کر موت واقع ہو گئی، وہیں اس حادثہ میں دیگر 6 لوگ بھی جھلس گئے۔
مظفرپور: بہار کے مظفر پور ضلع کے صدر تھانہ علاقے میں تین گھروں میں آگ لگ جانے سے اس میں سوئی ہوئی 4 بچیوں کی جھلس کر موت ہو گئی اور 6 افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق صدر تھانہ علاقے کے رام دیالو اسٹیشن کے قریب ایک جھونپڑی نما مکان میں رات تقریباً ایک بجے آگ لگ گئی، جس نے تین گھروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ لگنے کے واقعے کے بعد اہل علاقہ نے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی لیکن کامیابی نہیں مل سکی۔ اس کے بعد فائر بریگیڈ کو بلایا گیا، جس کے بعد آگ پر قابو پایا جا سکا۔
اس واقعے میں گھر میں سوئی ہوئی چار بچیاں جھلس کر ہلاک ہو گئیں جبکہ چھ دیگر زخمی ہو گئے۔ مرنے والوں کی شناخت نریش رام کی بیٹی سونی کماری (15)، امرتا کماری (12)، کویتا کماری (8) اور شیوانی کماری (6) کے طور پر کی گئی ہے۔ آگ لگنے کی وجہ کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ گھر سے باہر نکلنے والے راستے میں آگ لگ گئی جس کی وجہ سے لوگ جلدی سے باہر نہیں نکل سکے۔
صدر پولیس اسٹیشن کے انچارج ستیندر مشرا نے بتایا کہ آگ میں پانچ سے چھ افراد جھلس گیے ہیں اور انہیں علاج کے لیے ایس کے ایم سی ایچ میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔ زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
سی او سدھانشو شیکھر نے بتایا کہ کل رات تقریباً ایک بجے رام دیالو ریلوے اسٹیشن کے قریب ایک جھونپڑی میں آگ لگ گئی۔ اس واقعے میں 4 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہو گئے۔ متاثرین کو فوری ممکنہ ریلیف دی جائے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔