ٹریکٹر ریلی تشدد: 93 افراد گرفتار، یوگیندر یادو، راکیش ٹکیت کے خلاف کیس درج
یوگیندر یادو اور راکیش ٹکیت سمیت کئی کسان لیڈروں کے خلاف کیس درج کیا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ابھی تک پولس نے 93 انتہاپسندوں کو گرفتار بھی کر لیا ہے جب کہ 200 لوگوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔
متنازعہ زرعی قوانین کے خلاف جاری کسان تحریک کو یوم جمہوریہ کے موقع پر نکلی ٹریکٹر ریلی کے دوران ہوئے تشدد نے زبردست جھٹکا پہنچایا ہے۔ اس تشدد کو لے کر دہلی پولس نے متعدد کسان لیڈروں کے خلاف کیس درج کیا ہے۔ دہلی پولس کی ایف آئی آر میں یوگیندر یادو، راکیش ٹکیت، سرون سنگھ پنڈھیر، ستنام سنگھ پنّو جیسے کئی کسان لیڈران کے نام شامل بتائے جا رہے ہیں۔ پنجابی اداکار و گلوکار دیپ سدھو (جس نے لال قلعہ میں جھنڈا لہرایا) اور پنجاب کے گینگسٹر رہے لکھبیر سنگھ عرف لکھّا سدھانی بھی دہلی پولس کی نظر میں ہیں۔ خبروں کے مطابق پولس اب تک 22 ایف آئی آر درج کر چکی ہے۔
کسان لیڈروں کے خلاف کئی دفعات میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ابھی تک پولس نے 93 انتہاپسندوں کو گرفتار بھی کر لیا ہے جب کہ 200 لوگوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ تشدد کے معاملے پر دہلی پولس نے جو ایف آئی آر درج کی ہے، اس میں الزام ہے کہ پولس کی جانب سے ٹریکٹر ریلی کے لیے جو این او سی جاری کی گئی تھی اس پر عمل نہیں کیا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ بروز منگل یوم جمہوریہ کے موقع پر ٹریکٹر ریلی کے دوران تشدد کے واقعات میں 8 بسوں اور 17 پرائیویٹ گاڑیوں کو نقصان پہنچنے کی خبریں سامنے آئی تھیں، اور آج تازہ ترین خبروں کے مطابق کم از کم 300 پولس اہلکار اس تشدد میں زخمی ہوئے۔ کئی زخمی پولس والوں کو ٹراما سنٹر میں بھی داخل کرنا پڑا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔