کرناٹک میں گئو رکشکوں کا تشدد، مسلم شخص ادریس پاشا کا پیٹ پیٹ کر قتل

مویشی تاجر ادریس پاشا اور اس کے دو ساتھیوں پر جمعہ کی شب پونیت کیری ہلی کی قیادت میں خود ساختہ گئو رکشکوں نے حملہ کر دیا۔

موب لنچنگ، تصویر آئی اے این ایس
موب لنچنگ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

بنگلورو: کرناٹک میں موب لنچنگ کا واقعہ رونما ہوا ہے۔ خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس کے رپورٹ کے مطابق مبینہ گئو رکشکوں نے مسلم شخص کا پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا۔ مویشی تاجر ادریس پاشا اور اس کے دو ساتھیوں پر جمعہ کی شب پونیت کیری ہلی کی قیادت میں خود ساختہ گئو رکشکوں نے حملہ کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق گئو رکشکوں نے اس کنٹینر گاڑی کو روکا، جس میں ادریس اور دیگر لوگ مویشی لے جا رہے تھے۔ حالانکہ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے منڈی سے مویشی خریدے ہیں اور کاغذات بھی دکھائے لیکن گروہ نے 2 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا۔ جب ادریس نے رقم دینے سے انکار کر دیا تو انہوں نے اسے پاکستان جانے کو کہا اور اس پر اور دو دیگر افراد پر حملہ کر دیا۔


کچھ حملہ آوروں نے ادریس اور عرفان کا تعاقب کیا، جبکہ دوسروں نے کنٹینر ڈرائیور سید ظہیر پر حملہ کر دیا۔ ایک پولیس کانسٹیبل نے مداخلت کی اور ظہیر اور کیرے ہلی کو قریبی تھانے لے گئے۔ کیرے ہلی نے ظہیر اور دیگر کے خلاف گایوں کی غیر قانونی نقل و حمل کی شکایت درج کرائی۔ اس کے بعد ظہیر اور اس کے ساتھیوں کے خلاف کرناٹک پریوینشن آف کاؤ سلاٹر اینڈ کیٹل ایکٹ، پریوینشن آف کرولٹی ٹو اینیملز ایکٹ، اینیمل ٹرانسپورٹ ایکٹ اور موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔

تحقیقات کے دوران پولیس نے پایا کہ کیرے ہلی اور دیگر گئو رکشکوں کے حملے کے سبب ادریس کی موت واقع ہو گئی۔ ظہیر کی شکایت پر پولیس نے کیرے ہلی اور اس کے ساتھیوں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا۔ ملزمان مفرور بتائے جاتے ہیں۔ قتل کے بعد ادریس کے رشتہ داروں اور رام نگر کے مسلمانوں نے احتجاج شروع کر دیا۔ انہوں نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔