ظلم اور ناانصافی کے خلاف جنگ کسی ایک فرد کی لڑائی نہیں: عمر عبداللہ

عمرعبد اللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے بیواؤں، بزرگوں اور معاشی طور کمزور طبقوں کیلئے اُن سکیموں کی بحالی کا بھی وعدہ کیا ہے جو حالیہ برسوں میں بند کی گئیں ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>

فائل تصویر آئی اے این ایس

user

یو این آئی

نیشنل کانفرنس کے نائب صدرعمر عبداللہ نے جمعہ کے روز کہا کہ جموں وکشمیر کیساتھ جو ظلم اور ناانصافی گزشتہ برسوں کے دوران کی گئی ہے اگر اُس کو درست کرنا ہے تو اس کا فائدہ کسی ایک فرد کو نہیں ہوگا بلکہ جموں و کشمیر کے ہر ایک باشندے کو ہوگا، یہی وجہ ہے کہ ہم نے سخت ترین فیصلہ لیکر کانگریس کیساتھ مل کر الیکشن لڑنے کا انتخاب کیا ۔انہوں نے کہاکہ کانگریس کے ساتھ اتحاد کرنے کا فیصلہ ہمارے لئے آسان نہیں تھا، ہمیں اُن نشستوں کو بھی قربان کرنا پڑا جہاں صرف ہم ہی مقابلہ دے سکتے تھے، لیکن ہم نے بھاجپا کیخلاف مشترکہ لڑائی لڑنے کیلئے یہ نشستیں کانگریس کی جھولی میں ڈال دیں ۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے اپنی رہائش گاہ پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

عمر عبداللہ نے کہا کہ جموں وکشمیر کے عوام نے سخت ترین مشکلات دیکھے، سختی اور ظلم کے علاوہ گزشتہ6برسوں کے دوران ہم نے کچھ نہیں دیکھا، پکڑ دھکڑ، گرفتاریاں، ہراسانیاں، نوجوانوں کی تنگ طلبی ، مختلف قوانین کا استعمال، مقامی جیل بھر گئے تو یہاں کے قیدیوں کو باہری جیلوں میں بھیجا گیا، پی ایس اے کا اندھا دھند استعمال کیا گیا، اس سب کو ہمیں ٹھیک کرنا ہے ۔


انہوں نے کہاکہ ہم نے وعدہ کیا ہے کہ نیشنل کانفرنس کی حکومت جمو ں وکشمیر میں پی ایس اے کا قانون ختم کردے گی تاکہ مستقبل میں اس کا غلط استعمال نہ ہوسکے۔ آج ہمارے نوجوانوں کو نوکری، پاسپورٹ اور قرضوں کیلئے مقصود ویری فکیشن پر ذہنی کوفت کا شکار بنایا جاتا ہے، ہم نے وعدہ کیا ہے کہ ہم اس ویری فکیشن کے عمل کو آسان بنا دیں گے، جیسے ہم نے اپنی سابق حکومت کے دوران کیا تھا۔

عمر عبداللہ نے کہا کہ سیاسی رہنماؤں کے ساتھ ساتھ ہمیں اُن مسائل و مشکلات کی طرف بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے جو یہاں کے عوام کو روزمرہ زندگی میں درپیش ہیں۔ ہم نے اپنے منشور میں بے روزگاری کے سنگین مسئلے سے نمٹنے کیلئے روزگار پالیسی بنانے کا وعدہ کیا ہے، ہم نے بجلی سپلائی میں معقولیت کیساتھ ساتھ فیس میں راحت اور پینے کے پانی کے فیس میں راحت دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بیواﺅں، بزرگوں اور معاشی طور کمزور طبقوں کیلئے اُن سکیموں کی بحالی کا بھی وعدہ کیا ہے جو حالیہ برسوں میں بند کی گئیں ہیں۔


ان کے مطابق مرحوم شیخ محمد عبداللہ نے جموں وکشمیر کے بچوں کو یونیورسٹی تک مفت تعلیم کا حق دیا تھا لیکن گزشتہ برسوں کے دوران ایک ایک کرکے اس میں کمی کی گئی، ہم نے اپنے منشور میں اعلان کیا ہے کہ نیشنل کانفرنس کی حکومت بننے کی صورت میں ہم یونیورسٹی تک مفت تعلیم کی بحالی عمل میں لائیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔