پورے ملک میں یکساں سول کوڈ نافذ کرنے کا وقت آ گیا ہے: راجناتھ سنگھ

گجرات اسمبلی انتخاب سے جڑے کچھ سوالوں کا جواب دیتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ’’2024 کے لیے حالات سازگار ہیں۔ گجرات ہی نہیں، مرکز میں بھی مودی حکومت پھر سے آئے گی۔‘‘

راجناتھ سنگھ، تصویر یو این آئی
راجناتھ سنگھ، تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

مرکزی وزیر دفاع اور بی جے پی کے سرکردہ لیڈران میں شامل راجناتھ سنگھ نے یکساں سول کوڈ سے متعلق ایک اہم بیان دیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ پورے ملک میں یکساں سول کوڈ نافذ کرنے کا وقت آ گیا ہے اور سبھی ریاستوں کو اس پر غور کرنا چاہیے۔ ساتھ ہی راجناتھ سنگھ نے یہ بھی کہا کہ جو ریاستیں یکساں سول کوڈ نافذ کر رہی ہیں وہ مبارکباد کی مستحق ہیں۔

راجناتھ سنگھ نے اپنے ان خیالات کا اظہار ’اے بی پی نیوز‘ کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو کے دوران کیا۔ انھوں نے انٹرویو کے دوران یکساں سول کوڈ کے علاوہ بھی کچھ اہم موضوعات پر اپنا نظریہ لوگوں کے سامنے رکھا۔ شردھا قتل واقعہ کے تعلق سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ’’یہ بے حد بہیمانہ جرم ہے۔ جرائم پیشہ کو سخت سے سخت سزا دی جانی چاہیے۔‘‘


گجرات اسمبلی انتخاب سے جڑے کچھ سوالوں کا جواب دیتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ’’2024 کے لیے حالات سازگار ہیں۔ گجرات ہی نہیں، مرکز میں بھی مودی حکومت پھر سے آئے گی۔ گجرات ہم جیت رہے ہیں، اور یہ کامیابی حکومت کی کارکردگی کی بنیاد پر ملے گی۔‘‘ پی ایم مودی کا تذکرہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’وزیر اعظم پورے ملک کا دورہ کرتے رہتے ہیں، وہ بہت محنت کرتے ہیں، جس کا اثر سبھی دیکھ رہے ہیں۔ ملک کی کارکردگی لگاتار اچھی ہوتی جا رہی ہے۔‘‘

جب راجناتھ سنگھ سے بی جے پی لیڈر منوج تیواری کے ’آنکھ پھوڑنے‘ والے بیان پر تبصرہ کے لیے کہا گیا تو انھوں نے کہا کہ ’’کوئی بھی ہو، سیاست میں الفاظ اور بیانات کی حد کا خیال رکھنا چاہیے۔ کوئی بھی اگر غلط بیان دیا گیا ہے تو وہ ٹھیک نہیں۔‘‘ حالانکہ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’منوج تیواری نے یہ نہیں کہا کہ ٹانگ توڑ دیں گے، یہ غلط ہے۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ ’اے بی پی نیوز‘ پر ہی منوج تیواری نے دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی آنکھ پھوڑنے والا بیان دیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔