آمدنی سے زیادہ ملکیت معاملے پر ادھو ٹھاکرے کی مشکلات میں اضافہ، 8 دسمبر کو بامبے ہائی کورٹ میں سماعت
ادھو ٹھاکرے اور ان کی بیوی و بیٹے کے خلاف عرضی ممبئی باشندہ گوری بھیڈے نے داخل کی ہے، انھوں نے تینوں کے خلاف سی بی آئی اور ای ڈی جانچ کا مطالبہ کیا ہے۔
مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ اور شیوسینا (یو بی ٹی) سربراہ ادھو ٹھاکرے کی مشکلات بڑھتی ہوئی نظر آ رہی ہیں۔ بامبے ہائی کورٹ ادھو ٹھاکرے کے خلاف داخل آمدنی سے زیادہ ملکیت معاملہ والی عرضی پر سماعت کے لیے تیار ہو گیا ہے۔ اس معاملہ پر آئندہ 8 دسمبر کو سماعت کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ عرضی میں سابق وزیر اعلیٰ کے علاوہ ان کی بیوی رشمی ٹھاکرے اور بیٹے آدتیہ ٹھاکرے کا بھی نام شامل ہے۔ عرضی دہندہ نے تینوں کے خلاف سی بی آئی اور ای ڈی جانچ کا مطالبہ کیا ہے۔
ادھو ٹھاکرے اور ان کی بیوی و بیٹے کے خلاف عرضی ممبئی باشندہ گوری بھیڈے نے داخل کی ہے۔ عرضی میں انھوں نے الزام عائد کیا ہے کہ شیوسینا سپریمو، ان کے بیٹے آدتیہ اور بیوی رشمی نے اپنی آمدنی کے آفیشیل ذرائع کی شکل میں کبھی بھی کسی اسپیشل سروس، پیشے اور کاروبار کا انکشاف نہیں کیا، اور پھر بھی ان کے پاس ممبئی کے رائے گڑھ ضلع میں ملکیت ہے جو اربوں روپے کی ہو سکتی ہے۔
عرضی میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ٹھاکرے نے غیر قانونی طریقے سے دولت جمع کی ہے جس کی جانچ ہونی چاہیے۔ ساتھ ہی کہا گیا ہے کہ مرکزی جانچ ایجنسیوں کے ذریعہ ان کے ساتھیوں کے ٹھکانوں پر چھاپے سے یہ واضح ہو جاتا ہے کہ کہیں نہ کہیں ان کے پاس آمدنی سے زیادہ ملکیت کا معاملہ بن رہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل اس معاملے میں ہوئی سماعت کے دوران بامبے ہائی کورٹ نے خود کو معاملے سے الگ کر دیا تھا۔ بنچ نے کہا تھا کہ معاملے کو ایک دیگر مناسب بنچ کے سامنے رکھا جائے گا۔ عرضی دہندہ نے ہائی کورٹ سے مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے اور ان کے کنبہ کے اراکین کے خلاف غیر جانبدارانہ جانچ کرنے کے لیے سی بی آئی اور ای ڈی کو ہدایت دینے کی گزارش کی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔