یو پی میں جرائم کا سلسلہ جاری، کاس گنج میں 3 لوگوں کا قتل، علاقے میں دہشت
کاس گنج پولس کے مطابق ایک ہی فیملی کے تین لوگوں کا گولی مار کر قتل کر دیا گیا اور اس تعلق سے 7 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ قتل میں استعمال اسلحوں کو بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
اتر پردیش کے کاس گنج ضلع واقع ہوڈل پور گاؤں میں اتوار کی دیر رات ایک گولی باری میں لوگوں کی موت ہو گئی۔ کاس گنج پولس سپرنٹنڈنٹ سوشیل کمار گھولے نے بتایا کہ ہوڈل پور میں پرانی رنجش کو لے کر جھگڑا ہوا جس میں گولی باری ہوئی۔ اس واقعہ میں ایک ہی فیملی کے لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ ایک دیگر شخص کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں اس کی حالت سنگین بنی ہوئی ہے۔
پولس کے مطابق اس واقعہ کے تعلق سے سات لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ان لوگوں نے جن ہتھیاروں سے واقعہ کو انجام دیا تھا، وہ بھی برآمد کر لیے گئے ہیں۔ پولس کا کہنا ہے کہ معاملے کی جانچ ہو رہی ہے اور مناسب کارروائی کی جائے گی۔ دیہی لوگوں کا کہنا ہے کہ سابق پردھان راج پال عرف بابا کی کے کے راجپوت سے پرانی رنجش ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس رنجش کے سبب بجلی گھر کے پاس ملزمین نے پردھان کے اہل خانہ کو گھیر کر گولی باری شروع کر دی۔ واقعہ کے بعد سے لوگوں میں زبردست غصہ ہے اور مقامی افراد میں دہشت کا بھی ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔
یہاں قابل ذکر یہ بھی ہے کہ دو دہائی پہلے کے کے راجپوت فیملی میں کسی کا قتل کیا گیا تھا جس کے بعد سابق پردھان بابا کو جیل بھی ہوئی تھی۔ یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ گزشتہ سال گاؤں میں یکم جولائی کو 'آنر کلنگ' کا واقعہ ہوا تھا۔ اس معاملے میں بھی سابق پردھان اور کے کے راجپوت کے گھر والوں میں تلخیاں بڑھی ہوئی تھیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 27 Jul 2020, 2:35 PM