24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے 49931 معاملے، 708 افراد ہلاک
مرکزی وزارت صحت کی جانب سے پیر کے روز جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 1435453 ہوگئی ہے جبکہ اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 32771 ہوگئی ہے۔
نئی دہلی: ملک میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ اپنے شباب ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں تقریباً 50 ہزار افراد کے وائرس کی زد میں آنے سے متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 14.35 لاکھ ہوگئی ہے۔ تاہم راحت والی بات یہ ہے کہ اس دوران تقریباً 32 ہزار مریضوں کی شفایابی کے ساتھ ہی اس وبا سے صحت مند ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 9.17 لاکھ ہوگئی۔
مرکزی وزارت صحت کی جانب سے پیر کے روز جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 49931 کیسز کے رپورٹ ہونے سے متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 1435453 ہوگئی ہے جبکہ اس وبا کی وجہ سے 708 افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور یہ تعداد بڑھ کر 32771 ہوگئی ہے۔ اسی عرصہ کے دوران31991 مریض صحت مند ہوچکے ہیں اور یہ تعداد بڑھ کر 917568 ہوچکی ہے۔ اس وقت ملک میں کورونا وائرس کے 485114 فعال کیسز ہیں۔
ملک میں مہاراشٹر کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ریاست ہے جہاں کورونا وائرس کے 9131 نئے کیسز سامنے آئے اور 267 افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔ ریاست میں کورونا وائرس متاثرین کی مجموعی تعداد 375799 اور ہلاک شدگان کی تعداد 13656 ہوچکی ہے جبکہ 213238 افراد جان لیوا وبا سے صحت مند ہوئے ہیں۔ ریاست تمل ناڈوجو کورونا وائرس متاثرین کے معاملہ میں ملک بھر میں دوسرے نمبر پر ہے، یہاں چوبیس گھنٹے کے دوران 6986 نئے کیسز اور 85 اموات کی اطلاعات ہیں۔ اب اس ریاست میں کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد 213723 اور مرنے والوں کی تعداد 3494 ہوچکی۔ تمل ناڈو میں 156526 مریضوں کو اسپتالوں سے فارغ کیا گیا ہے۔
قومی دارالحکومت دہلی میں کورونا وائرس کے حالات اب کچھ کنٹرول میں ہیں اور یہاں وائرس کے کیسز میں اضافہ کی شرح میں قدرے کمی واقع ہوئی ہے۔ دارالحکومت دہلی میں اب تک 130606 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں اور اس جان لیوا وبا سے ہلاکتوں کی تعداد 3827 ہوچکی ہے، جبکہ اب تک اسپتالوں سے 114875 مریضوں کو فارغ کیا گیا ہے۔ آندھرا پردیش، کرناٹک کو پیچھے چھوڑ کر متاثرہ افراد کے معاملہ میں چوتھے نمبر پر آگیا ہے۔ یہاں 96298 افراد اس جان لیوا وبا میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 1041 افراد اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ 46301 افراد اس مرض سے شفایاب ہوئے ہیں۔ کرناٹک میں متاثرہ افراد کی تعداد اب بڑھ کر 96141 ہوگئی ہے اور ہلاک شدگان کی تعداد 1878 ہوچکی ہے جبکہ 35838 افراد شفایاب ہوئے ہیں۔ آبادی کے لحاظ سے ملک کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش متاثرین کے معاملہ میں چھٹے نمبر پر آگیا ہے۔ ریاست میں اب تک 66988 کیسزرپورٹ ہوئے ہیں اور اس وبا سے 1426 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ 41641 مریض ٹھیک ہوئے ہیں۔
ملک کی مشرقی ریاست مغربی بنگال، اب گجرات کو پیچھے چھوڑتے ہوئے کوروناکیسز کے معاملہ میں ساتویں نمبر پر ہے۔ ریاست میں کورونا وائرس سے 58718 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 1372 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں، جبکہ اب تک 37751 افراد شفایاب ہوچکے ہیں۔ ریاست گجرات میں متاثرین کی مجموعی تعداد اب تک 55822 ہوچکی ہے جبکہ 2326 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ریاست میں 40365 افراد اس مرض سے شفایاب ہوئے ہیں۔ جنوبی ہندوستان کی ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 540596 ہوچکی ہے اور463 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جب کہ اس مہلک وبا سے 41332 افراد شفایاب ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : حقیقت کو چھپانا ہی ملک دشمنی ہے: راہل گاندھی
ریاست راجستھان میں بھی کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 35909 تک جا پہنچی ہے اور اب تک 621 افراد ہلاک ہوئے ہیں، جبکہ 25353 افراد مکمل طور پر صحت یاب ہوچکے ہیں۔ ہریانہ میں 31332 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 392 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ مدھیہ پردیش میں 811، جموں و کشمیر میں 312، پنجاب میں 306، بہار میں 244، اوڈیشہ میں 140، آسام میں 79،جھارکھنڈ میں85، اتراکھنڈ میں 63، کیرالہ میں 61، چھتیس گڑھ میں 43، پڈوچیری میں 40، گوا میں 35، چنڈ ی گڑھ میں 13، تری پورہ میں 13، ہماچل پردیش میں 12، میگھالیہ میں پانچ، ناگالینڈ میں چار، لداخ میں چار، اروناچل پردیش میں تین اور دادرا نگر حویلی اور دمن دیو میں دو دو افراد کی موت ہوچکی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 27 Jul 2020, 1:11 PM