مدھیہ پردیش حکومت میں قرض، کرائم اور کرپشن کا عروج: جیتو پٹواری
جیتو پٹواری نے ریاست میں لا اینڈ آرڈر کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور بڑھتے ہوئے جرائم پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ریاستی حکومت 'تین سی' یعنی قرض، کرائم اور کرپشن سے دوچار ہے۔
کانگریس نے ایک بار پھر مدھیہ پردیش کے لا اینڈ آرڈر کی صورتحال پر سوال اٹھائے ہیں۔ پارٹی کے ریاستی صدر جیتو پٹواری نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت تین ’سی‘ میں الجھی ہوئی ہے۔ ریاست کی بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورتحال اور بڑھتے ہوئے جرائم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئےکانگریس کے ریاستی صدر نے ’ایکس‘ پر لکھا ہے کہ مدھیہ پردیش کی حکومت تین ’سی‘ سے دوچار ہے - قرض، کرائم اور کرپشن اس حکومت کا مشن بن گیا ہے۔
کانگریس کے ریاستی صدر نے مزید کہا ہے کہ آج ریاست میں ہر روز ایک نیا مافیا ابھر رہا ہے، جو ریاست کے تشخص کو داغدار کر رہا ہے، ناانصافی، دہشت گردی، افراتفری اور انارکی کے اس سنگین ترین دور میں انصاف کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں، دیکھنے والوں کی دور اندیشی تباہ ہو چکی ہے۔ کانگریس کے ریاستی صدر کا کہنا ہے کہ ریاست کے لا اینڈ آرڈر کے تعلق سے انہوں نے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو کو آگاہ کرا چکے ہیں۔ ریاست جنگل راج میں تبدیل ہوتی جا رہی ہے۔ لا اینڈ آرڈ ختم ہو چکا ہے۔ پولیس کے ساتھ ہی قانون اور انتظامیہ کا خوف بھی ختم ہو گیا ہے۔ ریت مافیا، معدنیات مافیا، ایجوکیشن مافیا کے علاوہ سیاسی مافیاؤں تک کی جڑیں جم چکی ہیں۔
واضح رہے کہ حال ہی میں ساگر ضلع کے برودیا نوناگیر گاؤں میں ایمبولینس سے گرنے کے بعد مشتبہ حالت میں ایک دلت لڑکی کی موت کے بعد ریاستی حکومت پر کانگریس حملہ آور ہے۔ یہ لڑکی ایک دلت خاندان کی تھی اور اسی خاندان کے دو افراد کو بھی قتل کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ بھی کئی علاقوں میں ریت مافیا کے کارنامے سامنے آئے ہیں۔ جبکہ تعلیم کے شعبے میں نرسنگ کالج گھوٹالہ اور بی ایڈ کالج گھوٹالہ سامنے آیا ہے۔ دلت لڑکی کی موت کے بعد کانگریس کے ریاستی صدر جیتو پٹواری، راجیہ سبھا ممبر دگ وجے سنگھ سمیت کئی بڑے لیڈر برودیا نوناگیر گئے اور حکومت پر مناسب کارروائی نہ کرنے کا الزام لگا رہے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔