’لوگ ٹوٹ جاتے ہیں ایک گھر بنانے میں، تم ترس نہیں کھاتے بستیاں جلانے میں‘، ہلدوانی کے ہزاروں مسلمان دست بہ دعا

ونبھول پورہ کے لوگ اپنے آشیانے کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں، اور اب انھیں اپوزیشن پارٹیوں کے کچھ لیڈران و سماجی کارکنان کا ساتھ بھی ملنا شروع ہو گیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر ویڈیو گریب</p></div>

تصویر ویڈیو گریب

user

تنویر احمد

اتراکھنڈ کے ہلدوانی کا ماحول اس وقت سردی میں بھی انتہائی گرم نظر آ رہا ہے۔ ہزاروں مسلمان سڑکوں پر دست بہ دعا نظر آ رہے ہیں کہ کسی طرح ان کا آشیانہ ٹوٹنے سے بچ جائے۔ جب سے اتراکھنڈ ہائی کورٹ نے ہلدوانی کے ونبھول پورہ واقع غفور بستی سے تجاوزات ہٹانے کا فیصلہ صادر کیا ہے، غفور بستی کے لوگ حیران و پریشان ہیں کہ آخر کریں تو کریں کیا۔ حکومت نے انھیں بے سہارا چھوڑ دیا ہے اور ریلوے انتظامیہ نے نوٹس جاری کر انھیں ایک ہفتہ کے اندر جگہ خالی کرنے کی ہدایت دی ہے۔

’لوگ ٹوٹ جاتے ہیں ایک گھر بنانے میں، تم ترس نہیں کھاتے بستیاں جلانے میں‘، ہلدوانی کے ہزاروں مسلمان دست بہ دعا

تازہ ترین خبروں کے مطابق ونبھول پورہ کے لوگ اپنے آشیانے کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ بوڑھے، خواتین اور بچے سرد رات میں بھی گھر سے باہر نکل کر اپنے لیے انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ جب ان کی تکلیف سوشل میڈیا پر سامنے آنے لگی تو ان کی حمایت میں آواز بھی اٹھنے لگی۔ اب انھیں اپوزیشن پارٹیوں کے کچھ لیڈران و سماجی کارکنان کا ساتھ بھی ملنا شروع ہو گیا ہے۔ جن لوگوں کو جگہ خالی کرنے کا نوٹس دیا گیا ہے، ان کی طرف سے سپریم کورٹ میں عرضی داخل کر انصاف کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس تعلق سے پیر کے روز اچھی خبر یہ ملی ہے کہ عرضی کو سماعت کے لیے منظور کر لیا گیا ہے اور اس کے لیے 5 جنوری کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔


ہلدوانی معاملہ پر گہری نظر رکھنے والے معروف صحافی عبدالملک نے ’قومی آواز‘ سے کہا کہ ’’اب جبکہ سپریم کورٹ میں معاملہ چلا گیا ہے تو امید ہے کہ غفور بستی والوں کو انصاف ملے گا۔ ہائی کورٹ میں متاثرین کی ایک نہیں سنی گئی اور زمین پر ریلوے کو قبضہ دے دیا گیا۔ حالانکہ یہ ریلوے کی زمین ہے ہی نہیں، یہ تو میونسپل کارپوریشن کی زمین ہے جس پر ہزاروں مسلمان دہائیوں سے بسے ہوئے ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ریلوے زبردستی کر رہی ہے، لیکن ہم اس کے خلاف آواز اٹھائیں گے، ایک انچ زمین اسے لینے نہیں دیں گے۔ ہزاروں کی تعداد میں مسلمان یہاں بسے ہیں، اچانک ان کا آشیانہ چھین لینا کسی بھی طرح انصاف نہیں۔‘‘

’لوگ ٹوٹ جاتے ہیں ایک گھر بنانے میں، تم ترس نہیں کھاتے بستیاں جلانے میں‘، ہلدوانی کے ہزاروں مسلمان دست بہ دعا

قابل ذکر ہے کہ غفور بستی میں جس جگہ پر ریلوے انتظامیہ نے اپنا دعویٰ کیا ہے، وہاں 4365 مکانات ہیں جن میں تقریباً 50 ہزار کی آبادی رہتی ہے۔ ان میں بیشتر مسلمان ہیں جو اب سڑکوں پر نکل کر اپنی تکلیف بیان کرنے کو مجبور ہیں۔ کچھ ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں جن میں وہ آنسو بہاتے اور اپنی فریاد کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ ایک ویڈیو اے آئی ایم آئی ایم کے قومی ترجمان وارث پٹھان نے اپنے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے شیئر کی ہے جس میں بڑی تعداد میں مسلمان دست بہ دعا نظر آ رہے ہیں۔ اس ویڈیو کے ساتھ انھوں نے لکھا ہے ’’لوگ ٹوٹ جاتے ہیں ایک گھر بسانے میں، تم ترس نہیں کھاتے بستیاں اجاڑنے میں۔ جواب دو ہمارے مستقبل کا کیا ہوگا؟ پہلے ہمیں بساؤ، پھر اجاڑو... ہلدوانی کی پکار۔‘‘


کچھ سیاسی پارٹی کے لیڈران اس معاملے میں غفور بستی کے لوگوں کا ساتھ کھل کر دیتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ کانگریس رکن اسمبلی سمت ہردیش بھی متاثرین کے حق کی لڑائی لڑتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ عمران پرتاپ گڑھی نے بھی متاثرین کے انصاف کی لڑائی لڑنے کی بات کہی ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ ’’5 جنوری کو سپریم کورٹ میں معاملے پر سماعت ہوگی اور میں ہلدوانی کے لوگوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ فیصلہ ان کے حق میں ہوگا۔ ہمارے ماہر قانون اور کانگریس کے سینئر لیڈر سلمان خورشید اور وہاں کے مقامی کانگریس لیڈران لوگوں کی قانونی مدد کے لیے کھڑے ہیں۔‘‘

’آزاد سماج پارٹی‘ کے قومی صدر چندرشیکھر آزاد نے بھی متاثرین کی حمایت میں آواز بلند کی ہے۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر ایک خبر کا تراشہ شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے ’’ہلدوانی میں انسانی پہلو کو بھی دیکھنا چاہیے۔ ہزاروں بچے اپنا اسکول، اپنا گھر بچانے کے لیے دھرنا دے رہے ہیں۔ ریاستی حکومت ہائی کورٹ میں لڑ ہی نہیں پائی۔ وزیر اعظم نے 2022 تک بے گھروں کو گھر دینے کا وعدہ کیا تھا، وعدہ تو پورا کیا نہیں اوپر سے بسے بسائے لوگوں کو اجاڑنے لگے۔‘‘


سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے تو اس معاملے کی سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے ایک نمائندہ وفد کی تشکیل کر دی ہے۔ اکھلیش یادو کی ہدایت پر سماجوادی پارٹی کا نمائندہ وفد 4 جنوری کو اتراکھنڈ کے ضلع نینی تال واقع ہلدوانی کا دورہ کرے گا۔ یہاں پہنچ کر وفد کے اراکین لوگوں سے بات کریں گے اور تفصیلی رپورٹ سماجوادی پارٹی دفتر میں پیش کریں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ سماجوادی پارٹی کے ذریعہ تشکیل دی گئی 10 رکنی ٹیم میں رکن پارلیمنٹ ایس ٹی حسن بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ حال ہی میں اتراکھنڈ ہائی کورٹ نے ونبھول پورہ واقع غفور بستی میں مبینہ طور پر ریلوے کی اراضی پر تجاوزات کو ہٹانے کا حکم صادر کیا تھا۔ اس جگہ پر تقریباً 4365 گھر بنے ہوئے ہیں۔ ہائی کورٹ کے حکم کے بعد انتظامیہ کی ٹیم نے حد بندی بھی شروع کر دی تھی، لیکن لوگ سڑکوں پر نکل کر اس کے خلاف مظاہرہ کرنے لگے اور ہنگامہ بڑھ گیا۔ پھر گزشتہ پیر کو ریلوے نے نوٹس جاری کر کہا کہ قابض لوگ ایک ہفتہ میں جگہ کو خالی کر دیں ورنہ تعمیرات کو منہدم کرنے کی کارروائی شروع کی جائے گی۔ ساتھ ہی یہ بھی بتایا کہ کارروائی میں ہونے والے خرچ کی وصولی متعلقہ اشخاص سے کی جائے گی۔ یہ نوٹس اتوار کے روز شائع اخبارات میں بھی دیکھنے کو ملا۔ نوٹس جاری ہونے سے متاثرین کی دھڑکنیں بڑھ گئی ہیں۔ اب سب کی نگاہیں 5 جنوری پر مرکوز ہیں جب سپریم کورٹ میں اس معاملے کی سماعت ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔