’ہندوستان میں کام کرنے والوں کو یہاں کے قانون پر عمل کرنا ہی ہوگا‘
مودی حکومت میں نئے وزیر برائے انفارمیشن ٹکنالوجی (آئی ٹی) اشونی ویشنو کا کہنا ہے کہ جو کوئی بھی ہندوستان میں رہتا ہے اور یہاں کام کرتا ہے اسے ملک کا قانون ہر حال میں ماننا ہی ہوگا۔
مودی حکومت میں شامل ٹیکنوکریٹ اور اڈیشہ سے راجیہ سبھا رکن اشونی ویشنو نے آج ملک کے نئے آئی ٹی اور وزیر ریل کی شکل میں ذمہ داری سنبھال لی۔ انھوں نے اس موقع پر کہا کہ ملک کا قانون سب سے برتر ہے اور ملک میں کام کرنے والے اور رہنے والے ہر کسی کو اس قانون پر عمل کرنا ہوگا۔ اشونی ویشنو نے یہ بیان اس سوال کے جواب میں دیا جس میں پوچھا گیا تھا کہ ٹوئٹر حکومت کے قوانین کو ماننے میں آنا کانی کر رہا ہے۔ غور طلب ہے کہ نئے آئی ٹی ضابطوں کو لے کر ٹوئٹر اور حکومت کے درمیان رسہ کشی جاری ہے اور ٹوئٹر ایک طرح سے نئے ضابطوں کو ماننے میں ٹال مٹول کا رویہ اختیار کر رہا ہے۔
اس دمیان جمعرات کو ٹوئٹر نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ وہ حکومت کے ضابطوں کے مطابق آئندہ 8 ہفتے کے اندر گریوینس افسر کی تقرری کر دے گا۔ بہر حال، اشونی ویشنو نے بی جے پی ہیڈکوارٹر میں پارٹی کے جنرل سکریٹری بی ایل سنتوش سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات چیت کی۔ انھوں نے کہا کہ ان کی توجہ اس بات پر ہوگی کہ قطار کے آخری آدمی تک کی زندگی میں بہتری کیسے آئے۔
واضح رہے کہ اشونی ویشنو پہلے بھی سوشل میڈیا کے اثرات اور سائبر بُلنگ پر بولتے رہے ہیں۔ آکسفورڈ اسٹوڈنٹس یوین کے صدر رشمی سامنت کے استعفیٰ کے بارے میں انھوں نے راجیہ سبھا میں کہا تھا کہ یہ نسلی تفریق کا سنگین معاملہ ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔