دہلی میں جنھیں کوڑے کا پہاڑ ہٹانے کی ذمہ داری دی گئی، وہ خود کوڑا نکلے: چودھری انل کمار

دہلی کانگریس صدر انل کمار نے کہا کہ دہلی میونسپل کارپوریشن کی تاریخ میں اس طرح کا واقعہ کبھی نہیں ہوا تھا، دہلی شرمندہ ہے، جنھیں کوڑے کے پہاڑ کو ہٹانے کی ذمہ داری دی گئی تھی وہ خود کوڑا نکل گئے۔

دہلی کانگریس کے صدر انیل چودھری / آئی اے این ایس
دہلی کانگریس کے صدر انیل چودھری / آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

دہلی ریاستی کانگریس صدر انل کمار نے دہلی میونسپل کارپوریشن میں میئر، ڈپٹی میئر، مستقل کمیٹی کے اراکین کے انتخاب سے قبل بی جے پی و عآپ کونسلرس کے ذریعہ حلف برداری تقریب کے دوران ایوان کے اندر جو ہاتھاپائی کی حالت پیدا کی گئی، اس پر گہرے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایوان میں جس طرح کا نظارہ دیکھنے کو ملا وہ بے حد شرمناک تھا۔ انھوں نے مزید کہا کہ دہلی میونسپل کارپوریشن کی تاریخ میں اس طرح کا واقعہ کبھی نہیں ہوا تھا۔ دہلی شرمندہ ہے۔ انل کمار کہتے ہیں کہ ’’جنھیں کوڑے کا پہاڑ ہٹانے کی ذمہ داری دی گئی، وہ خود کوڑا نکلے۔ نومنتخب کونسلرس کو بی جے پی اور عآپ نے ایک اسکرپٹ کے تحت بھیجا تھا، جو ایوان میں نظر آیا۔‘‘

انل کمار نے کانگریس کونسلرس کے ذریعہ میئر انتخاب میں حصہ نہیں لینے کے فیصلے کے بارے میں کہا کہ دہلی میں کانگریس ہی واحد اپوزیشن ہے۔ باقی کی دونوں پارٹیاں الگ الگ سطح پر اقتدار میں ہیں۔ جس طرح سے جمہوری عمل کی خلاف ورزی کر میئر انتخاب کی کارروائی کی جا رہی ہے، ہم اس کی مخالفت کرتے ہیں۔ ساتھ ہی انل کمار نے یہ بھی کہا کہ عام آدمی پارٹی اور بی جے پی دونوں آر ایس ایس نظریہ والی پارٹیاں ہیں۔ ایسے میں کانگریس کسی بھی قیمت پر آر ایس ایس قوتوں کی حمایت نہیں کر سکتی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔