’’اس بار دونوں ’شہزادے‘ بی جے پی کو ’شہ‘ دیں گے اور عوام ’مات‘ دے گی‘‘، اکھلیش یادو نے پی ایم مودی پر کیا جوابی حملہ

اکھلیش یادو نے کہا کہ ’’کانگریس پارٹی اور ہم لوگوں کو شہزادے-شہزادے کہا جا رہا ہے، اس بار دیکھنا دونوں شہزادے مل کر ایسی شہ دیں گے اور عوام ایسی مات دے گی کہ ان کا پتہ نہیں لگے گا۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>اکھلیش یادو / آئی اے این ایس</p></div>

اکھلیش یادو / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

سماجوادی پارٹی چیف اکھلیش یادو نے وزیر اعظم نریندر مودی سمیت بی جے پی لیڈروں کے ’شہزادے‘ والے تبصرہ پر جوابی حملہ کرتے ہوئے بدھ کے روز کہا کہ ’’اس بار لوک سبھا انتخاب میں کانگریس اور سماجوادی پارٹی کے دونوں ’شہزادے‘ بی جے پی کو ’شہ‘ دیں گے اور عوام ’مات‘ دے گی۔‘‘

اکھلیش یادو نے اعظم گڑھ سے سماجوادی پارٹی امیدوار دھرمیندر یادو کی حمایت میں منعقد ایک انتخابی جلسہ میں پی ایم مودی اور دیگر بی جے پی لیڈران کے ذریعہ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور انھیں ’شہزادہ‘ کہہ کر طنز کیے جانے کا جواب دیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’کانگریس پارٹی اور ہم لوگوں کو شہزادے-شہزادے کہا جا رہا ہے۔ اس بار دیکھنا دونوں شہزادے مل کر ایسی شہ دیں گے اور عوام ایسی مات (شکست) دے گی کہ ان کا پتہ نہیں لگے گا (کہ کہاں گئے)۔ اس بار شہزادے ’شہ‘ دینے والے ہیں اور عوام ’مات‘ دینے والی ہے۔‘‘


سماجوادی پارٹی چیف نے بی جے پی میں جمہوریت نہ ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’’جو لوگ جی-20 لے کر گھوم رہے تھے، اس پارٹی میں صرف دو لوگوں کی چلتی ہے۔ باقی سب صفر ہیں۔ ہمارے جو لکھنؤ والے (وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ) ہیں، اِدھر سننے میں آیا ہے کہ ان کی بھی زبان بدل گئی ہے۔ یہ جو وقت وقت پر بلڈوزر لے کر چلتے تھے، انھیں پتہ ہی نہیں ہے کہ اس بار لیکیج کہاں پر ہے جس سے کہ سبھی پیپر لیک ہو رہے ہیں۔‘‘

سماجوادی پارٹی اور کانگریس کے ذریعہ پسماندہ طبقات اور دلتوں کا ریزرویشن چھین کر مسلمانوں کو دینے کی سازش کرنے سے متعلق بی جے پی کے الزام کا تذکرہ کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ ’’کوئی کسی کا ریزرویشن نہیں چھین رہا ہے۔ اگر ریزرویشن کو لے کر کسی نے دھوکہ دیا ہے تو وہ بی جے پی ہے۔ اس کے فیصلوں نے ہمارے اور آپ کے ریزرویشن کو چھیننے کا کام کیا ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’اتر پردیش میں 69000 اساتذہ کی بھرتی میں ریزرویشن نظام کو درست طریقے سے نافذ نہیں کیا گیا۔ اساتذہ مناسب ریزرویشن کے لیے کئی سالوں سے تحریک چلا رہے ہیں لیکن ان کی کوئی سماعت نہیں ہو رہی ہے۔‘‘ ساتھ ہی وہ کہتے ہیں کہ ’’ہم نوجوانوں سے کہہ رہے ہیں کہ محکمہ تعلیم میں جتنی بھی جگہ خالی ہیں، وہ تو بھری ہی جائیں گی، لیکن اس کے ساتھ ساتھ ریزرویشن کو لے کر جو تفریق ہوا ہے، اس کا بھی حل نکالا جائے گا۔‘‘


لوک سبھا انتخاب میں انڈیا اتحاد کے امکانات کو لے کر اکھلیش یادو مطمئن نظر آئے۔ انھوں نے کہا کہ اس بار اعظم گڑھ میں انڈیا اتحاد کا کمال چل رہا ہے، اور اب تک سابق رکن اسمبلی گڈو جمالی بھی ساتھ آ گئے ہیں۔ سماجوادی پارٹی چیف نے اعظم گڑھ سے موجودہ بی جے پی رکن پارلیمنٹ اور بھوجپوری فلم اداکار دنیش لال یادو نرہوا پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ لوگ ڈبل انجن حکومت والے ہیں۔ اعظم گڑھ میں تو نئے طرح کا معاملہ ہے۔ یہاں تو ’ڈبل اداکاری‘ والے لوگ ہیں، اس لیے ان سے بھی محتاط رہنا۔‘‘

اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ ’’4 تاریخ (جون) کو آپ دیکھ لینا، ایک نئی فلم ریلیز ہوگی جس کو پورا ملک دیکھے گا۔ جو بی جے پی والے بڑی بڑی باتیں کر رہے ہیں، انھیں ڈھونڈا جائے گا کہ وہ کہاں گئے۔‘‘ انھوں نے بی ایس پی پر بی جے پی سے ہاتھ ملانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’’اگر آپ اتر پردیش کا انتخاب دیکھیں گے تو بی جے پی نے بی ایس پی کے ساتھ اندر ہی اندر ہاتھ ملا لیا ہے، اس لیے دونوں ہی پارٹیوں سے محتاط رہنا ہوگا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔