’یہ لیکیج والی حکومت ہے، رام مندر میں بھی لیک ہو رہا پانی‘، مودی حکومت پر ادھو ٹھاکرے کا تلخ تبصرہ

ادھو ٹھاکرے نے مطالبہ کیا کہ مہاراشٹر میں کسانوں کا قرض معاف ہونا چاہیے، ہر دن 9 کسان خودکشی کر رہے ہیں، ایم وی اے حکومت بننے پر 2 لاکھ روپے تک زرعی قرض معاف کیا گیا تھا، لیکن اب حالات بدتر ہیں۔

ادھو ٹھاکرے، تصویر آئی اے این ایس
ادھو ٹھاکرے، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

مہاراشٹر میں سیاسی ہلچل اس وقت کافی بڑھی ہوئی ہے۔ ریاست میں اسمبلی انتخاب کی تیاریاں شروع ہو گئی ہیں اور اس درمیان مہاراشٹر اسمبلی کا مانسون اجلاس پہلے دن انتہائی ہنگامہ خیز رہا ہے۔ اپوزیشن نے ایوان میں شندے حکومت کو خوب کھری کھوٹی سنائی اور ادھو ٹھاکرے تو ایوان سے باہر نکلنے کے بعد بھی حکومت پر حملہ آور نظر آئے۔ انھوں نے مہاراشٹر حکومت کے ساتھ ساتھ مرکز کی مودی حکومت پر بھی تلخ تبصرے کیے۔

مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ نے میڈیا کے سامنے کہا کہ اب اس حکومت کو لوگ ٹاٹا، بائے بائے کہہ رہے ہیں۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ کل حکومت بجٹ لا رہی ہے، ہم دیکھیں گے کہ مہاراشٹر کی ترقی پر کیا خرچ کر رہے ہیں۔ یہ تو لیکیج کی حکومت ہے۔ رام مندر میں لیکیج ہو رہی ہے اور پیپر بھی لیک ہو رہے ہیں۔ دراصل رام مندر کی اوپری منزل پر اب بھی کام جاری ہے اور نیچے والی منزل پر بارش کے بعد پانی کا رساؤ ہو رہا ہے۔ اسی تعلق سے ادھو ٹھاکرے نے بی جے پی حکومت پر طنز کے تیر چلائے۔


مہاراشٹر کے تعلق سے بات کرتے ہوئے ادھو ٹھاکرے نے مطالبہ کیا کہ ریاست میں کسانوں کے قرض معاف کیے جانے چاہئیں۔ ہر دن 9 کسان خودکشی کر رہے ہیں اور حالات انتہائی دگر گوں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’میں نے ایم وی اے حکومت بننے پر 2 لاکھ روپے تک کے زرعی قرض معاف کر دیے تھے۔ اب اس ڈبل انجن حکومت کو فوری قدم اٹھانا چاہیے۔ اس کے علاوہ اسمبلی انتخاب سے پہلے اسے نافذ بھی کرنا چاہیے۔‘‘ ادھو نے کہا کہ میں نے سنا ہے حکومت مدھیہ پردیش کی طرح ہی یہاں لاڈلی بہنا منصوبہ لانے والی ہے، اگر ایسی کوئی اسکیم لانی ہے تو پھر لڑکوں کے لیے بھی ہونی چاہیے۔

جب ادھو ٹھاکرے سے یہ سوال کیا گیا کہ انتخاب میں مہاوکاس اگھاڑی کی طرف سے وزیر اعلیٰ کا چہرہ کون ہوگا؟ تو انھوں نے کہا کہ پہلے این ڈی اے بتا دے کہ ان کی ناکام حکومت کا چہرہ کسے مانا جائے۔ انھوں نے کہا کہ دہلی سے مہاراشٹر تک لیکیج والی ہی حکومت ہے۔ نیٹ کا پیپر لیک ہوا۔ اس کے بعد ایودھیا کے رام مندر میں بھی لیکیج کی خبر ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔