ہر سال 23 اگست کو ’نیشنل اسپیس ڈے‘ منائے جانے پر مرکزی کابینہ نے لگائی مہر، خاتون سائنسدانوں کی ہوئی تعریف

مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ ’’آج پورا ملک چندریان-3 کی کامیابی کا جشن منا رہا ہے، اس کامایبی کو دیکھتے ہوئے کابینہ نے ہر سال 23 اگست کو نیشنل اسپیس ڈے کی شکل میں منانے کا فیصلہ کیا ہے۔‘‘

انوراگ ٹھاکر / ٹوئٹر
انوراگ ٹھاکر / ٹوئٹر
user

قومی آواز بیورو

مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں آج کچھ اہم فیصلے لیے گئے جس میں ہر سال 23 اگست کو ’نیشنل اسپیس ڈے‘ منایا جانا بھی شامل ہے۔ اس سلسلے میں مرکزی وزیر کھیل و اطلاعات و نشریات انوراگ ٹھاکر نے میڈیا کو تفصیلی جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ ’’آج پورا ملک چندریان-3 مشن کی کامیابی کا جشن منا رہا ہے۔ چندریان-3 کی کامایبی کو دیکھتے ہوئے کابینہ نے ہر سال 23 اگست کو نیشنل اسپیس ڈے کی شکل میں منانے کا فیصلہ کیا ہے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’رووَر پرگیان کے ذریعہ ہمیں جو جانکاری مل رہی ہے اس سے ہمارے علم میں اضافہ ہوگا۔ ہمیں فخر ہے کہ چندریان-3 کی کامیابی میں خاتون سائنسدانوں کا اہم کردار رہا ہے۔ ان کی یہ کامیابی آنے والے وقت میں خواتین کو ترغیب دے گی۔‘‘

انوراگ ٹھاکر نے اس دوران چاند کی سطح پر نشان زد دو پوائنٹس (شیوشکتی اور ترنگا) کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’شیوشکتی اور ترنگا صرف دو نام نہیں ہیں۔ یہ ہزاروں سال پرانی وراثت کو ایک دھاگے میں باندھتی ہے۔ چندریان-3 کی کامیابی نے نوجوانوں میں خلائی سائنس کو مزید قریب سے جاننے کی دلچسپی پیدا کی ہے۔ چندریان-3 کی کامیابی نے دنیا کو بتا دیا ہے کہ ہندوستان ترقی یافتہ ہندوستان کے عزم کو ضرور شرمندۂ تعبیر کرے گا۔‘‘


قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے گزشتہ دنوں چاند کے دو پوائنٹس کو ترنگا اور شیو شکتی نام دیا تھا۔ چندریان-2 نے چاند کی سطح پر جہاں کریش لینڈنگ کیا تھا اس مقام کو ’ترنگا پوائنٹ‘ نام دیا گیا ہے اور چندریان-3 نے جس مقام پر کامیابی کے ساتھ سافٹ لینڈنگ کیا ہے اس مقام کو شیوشکتی پوائنٹ نام دیا گیا ہے۔ وزیر اعظم نے ملک کے نام اپنے خطاب میں 23 اگست کو ’نیشنل اسپیس ڈے‘ منائے جانے کا بھی اعلان کیا تھا جسے آج مرکزی کابینہ کی منظوری بھی مل گئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔