مرکزی بجٹ 2024 کا شیئر مارکیٹ پر پڑا منفی اثر، سرمایہ کاروں کے 10 لاکھ کروڑ روپے ڈوبے

بجٹ اعلان کے بعد شیئر بازار کے دونوں اہم انڈیکس یعنی سنسیکس اور نفٹی میں بڑی گراوٹ دیکھنے کو ملی، بی ایس ای کا اہم انڈیکس سنسیکس تقریباً 1200 پوائنٹس گراوٹ کے ساتھ 79224.32 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔

شیئر بازار
شیئر بازار
user

قومی آواز بیورو

آج پارلیمنٹ میں ایک طرف مرکزی وزیر مالیات نرملا سیتارمن بجٹ پیش کر رہی تھیں، اور دوسری طرف شیئر مارکیٹ میں کہرام والے حالات پیدا ہو رہے تھے۔ جیسے جیسے وزیر مالیات کی بجٹ تقریر آگے بڑھ رہی تھی، ویسے ویسے شیئر مارکیٹ میں اتھل پتھل بڑھتی جا رہی تھی اور آخر میں نتیجہ یہ ہوا کہ بی ایس ای کا اہم انڈیکس سنسیکس تقریباً 1200 پوائنٹس تک گر گیا۔ سنسیکس ہی نہیں، نفٹی پر بھی مرکزی بجٹ 2024 کا منفی اثر پڑا ہے۔ کاروباری سیشن کے دوران نفٹی 1 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ کاروبار کرتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ عام بجٹ شیئر مارکیٹ کے لحاظ سے مضر ثابت ہونے والا ہے، اور شیئر بازار میں مزید بڑی گراوٹ دیکھنے کو مل رہی ہے۔ نفٹی جہاں ایک فیصد کی گراوٹ کے ساتھ کاروبار کر رہا ہے، وہیں سنسیکس میں فی الحال ڈیڑھ فیصد کی گراوٹ دیکھنے کو مل رہی ہے۔ ملک کی سب سے بڑی کمپنی ریلائنس انڈسٹریز کے شیئر میں 2 فیصد سے زیادہ کی گراوٹ درج کی گئی ہے، جبکہ ایس بی آئی کے شیئر میں تقریباً 2 فیصد اور ایل اینڈ ٹی کے شیئر میں 4 فیصد سے زیادہ کی گراوٹ دیکھنے کو مل رہی ہے۔


بامبے اسٹاک ایکسچینج (بی ایس ای) کا اہم انڈیکس سنسیکس تقریباً 1200 پوائنٹس کی گراوٹ کے ساتھ 79224.32 پوائنٹس پر آ گیا ہے۔ یہ انڈیکس صبح 80724.30 پوائنٹس پر اوپن ہوا تھا جو پہلے اوپر چڑھا، اور پھر جب گرنا شروع ہوا تو نیچے کی طرف ہی بڑھتا چلا گیا۔ دوسری طرف نفٹی 232.65 پوائنٹس کی گراوٹ کے ساتھ 24276.60 پوائنٹس پر کاروبار کرتا ہوا دکھائی دیا۔ نفٹی آج صبح 24568.90 پوائنٹس پر اوپن ہوا تھا۔

شیئر بازار میں اس گراوٹ کی وجہ سے سرمایہ کاروں کو کچھ ہی گھنٹوں میں تقریباً 10 لاکھ کروڑ روپے کا نقصان ہو چکا ہے۔ سرمایہ کاروں کو نقصان اور فائدہ بی ایس ای کے مارکیٹ کیپ سے جڑا ہوا ہوتا ہے۔ ایک دن پہلے بی ایس ای کا مارکیٹ کیپ 44832227.50 کروڑ روپے تھا، جو کاروباری سیشن کے دوران 43836540.32 کروڑ روپے رہ گیا۔ اس کا مطلب ہے کہ سرمایہ کاروں کو تقریباً 10 لاکھ کروڑ روپے کا نقصان ہو چکا ہے۔ موجودہ وقت میں بی ایس ای کا مارکیٹ کیپ 44328902.63 کروڑ روپے پر دکھائی دے رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔