جمعیۃ کی فلم ’دی کیرالہ اسٹوری‘ کے خلاف عرضی پر سماعت سے سپریم کورٹ کا انکار، ہائی کورٹ جانے کی صلاح
جمعیۃ علما ہند نے فلم ’دی کیرالہ اسٹوری‘ کے خلاف سپریم کورٹ میں عرضی دائر کی تھی، جس پر عدالت عظمیٰ نے سماعت کرنے سے انکار کر دیا اور عرضی گزار کو ہائی کورٹ جانے کی صلاح دی
نئی دہلی: سپریم کورٹ نے بدھ کو جمعیۃ علماء ہند کی اس عرضی پر سماعت کرنے سے انکار کر دیا جس میں پروپیگنڈا پر مبنی فلم ’دی کیرالہ اسٹوری‘ کی نمائش پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ہر موضوع پر براہ راست سپریم کورٹ میں سماعت کرنا ممکن نہیں اور عرضی گزار متعلق ہائی کورٹ سے رجوع کر سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ جمعیۃ علما ہند کے علاوہ مشہور صحافی قربان علی نے بھی سپریم کورٹ میں دی کیرالہ اسٹوری کی نمائش پر پابندی عائد کرنے کی عرضی دائر کی تھی۔ فلم پانچ مئی کو سنیما گھروں میں ریلیز ہونے جا رہی ہے۔ سی جے آئی ڈی وائی چندرچوڑ اور جسٹس پی ایس نرسمہا کی بنچ کے سامنے عرضیوں کو فوری طور پر فہرست میں شامل کرنے کے لیے خصوصی تذکرہ کیا گیا تھا۔
عرضی میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ فلم میں ایک تردید ہونا چاہیے کہ یہ افسانے پر مبنی ہے۔ عدالت نے کہا کہ آرٹیکل 32 کے تحت جو راحت طلب کی گئی ہے وہ آرٹیکل 226 کے تحت ہائی کورٹ کے سامنے رکھی جا سکتی ہے۔
سپریم کورٹ نے کہا کہ ہم اس بنیاد پر عرضی پر غور کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ ہم اسے عرضی گزاروں پر چھوڑتے ہیں کہ وہ مناسب ہائی کورٹ سے رجوع کریں۔ عرضی گزاروں میں سے ایک کی طرف سے پیش ہونے والے وکیل نے کہا کہ کیرالہ ہائی کورٹ میں فلم کے خلاف ایک عرضی دائر کی گئی ہے اور یہ 5 مئی کو سماعت کے لیے درج ہے۔ فلم اسی دن پورے ہندوستان میں ریلیز کی جائے گی۔
سپریم کورٹ نے کہا کہ ہائی کورٹ میں تجربہ کار جج ہیں۔ وہ مقامی حالات سے واقف ہیں۔ ہم سپر عدالت کیوں بنیں؟ عدالت نے عرضی گزاروں سے کہا کہ وہ ہائی کورٹ جائیں، وہ ان کی عرضیوں کو جلد نمٹانے کی پر غور کر سکتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔