کانگریس کی بسیں چلانے کی درخواست یوگی حکومت کو منظور، پرینکا گاندھی نے کہا شکریہ
پرینکا گاندھی نے یوگی آدتیہ ناتھ کو مخاطب کرنے ہوئے کہا، وبا کے وقت انسان کی زندگی بچانا، غریبوں کی حفاظت کرنا، ان کی عزت کی حفاظت کرنا ہمارا اخلاقی فریضہ اور حق ہے۔
لکھنؤ: اتر پردیش کی یوگی حکومت نے کانگریس کو مہاجر مزدروں کو ان کے گھروں تک پہنچانے کے لئے ایک ہزار بسیں چلانے کی اجازت دے دی ہے۔ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کانگریس کی بسیں چلانے کی جازت دینے پر یوگی حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔
پرینکا گاندھی نے یوگی آدتیہ ناتھ کو مخاطب کرنے ہوئے کہا، ’’وبا کے وقت انسان کی زندگی بچانا، غریبوں کی حفاظت کرنا، ان کی عزت کی حفاظت کرنا ہمارا اخلاقی فریضہ اور حق ہے۔ کانگریس اس کٹھن وقت میں اپنی پوری صلاحیت اور خدمات کے عزم کے ساتھ اپنے فرائض کو انجام دے رہی ہے۔ یہ بسیں ہماری خدمات میں شامل ہیں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’ہمیں یو پی میں پیدل چلتے ہوئے ہزاروں بھائی-بہنوں کی مدد کرنے کے لئے کانگریس کے خرچہ پر 1000 بسیں چلوانے کی اجازت دینے کے لئے آپ کا شکریہ۔ یوپی کانگریس کی طرف سے میں آپ کو یقین دلاتی ہوں کہ ہم مثبت نظریہ سے وبا اور لاک ڈاؤن کے سبب متاثرہ یو پی کے بھائی بہنوں کے ساتھ اس بحران کی گھڑی کا سامنا کرنے کے لئے کھڑے رہیں گے۔‘‘
ریاست کے پرنسپل سکریٹری (داخلہ) اونیش اوستھی نے نے کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کے اس بارے میں لکھے گئے خط کا جواب دیتے ہوئے کہاـ 16 مئی کو لکھے گئے خط کے بارے میں کہنا ہے کہ مہاجر مزدوروں کے ضمن میں آپ کی تجویز کو منظور کیا جاتا ہے۔ اس لئے بلاتاخیر ایک ہزاربسوں کی فہرست ڈرائیور اور کنڈیکٹر کے نام و پتے کے ساتھ دسیتاب کرانے کی زخمت کریں، جس سے ان کا استعمال مہاجر مزدوروں کی خدمت کے لئے کیا جاسکے۔
اس سے قبل کانگریس کے ریاستی دفتر میں پارٹی کے ریاستی صدر اجے کمار للو اور ایم ایل اے آرادھان مشرا مونا نے پریس کانفرنس کر یوگی حکومت پر مزدوروں کے تئیں بے رخی برتنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ حکومت جان بوجھ کر کانگریس کو بسیں چلانے کی اجازت نہیں دے رہی ہے۔
پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے سنیچر کو خط لکھ کر یوگی حکومت سے مزدوروں کے لئے بسیں چلانے کی اجازت طلب کی تھی جبکہ اتوار کو کانگریس کی حکمرانی والی ریاست راجستھان نے 500 پرائیویٹ اور سرکاری بسیں اترپردیش کی سرحد پر کھڑی کردی تھیں۔ پرینکا گاندھی نے الگ الگ تین ٹوئٹ کر ریاستی حکومت سے بسوں کو اجازت دینے کی اپیل کی تھی۔ لیکن دیر شام تک انتظار کرنے کے بعد بسیں واپس چلی گئی تھیں۔
وہیں گذشتہ کل وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے مہاجر مزدوروں کے سلسلے میں کانگریس پر سیاست کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ اگرچہ کانگریس نے 1000 بسوں کو فراہم کرنے کی خواہش کر اظہار کیا ہے لیکن اس نے نہ تو بسوں کی لسٹ،رجسٹریشن نمبر اور نہ ہی دیگر معلومات فراہم کی ہیں۔
(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 18 May 2020, 7:40 PM